Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

زمبابوے کیخلاف آخری ون ڈے سے قبل پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا

قومی ٹیم کے 2 اہم کھلاڑی سیریز سے باہر
شائع 27 نومبر 2024 12:49pm

فاسٹ بولر احمد دانیال اور شاہنواز دھانی انجری کے باعث زمبابوے کے خلاف جاری ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احمد دانیال کو ہمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ شاہنواز دھانی اتوار کے ٹریننگ سیشن کے دوران بائیں ٹخنے میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے۔

دونوں کرکٹرز کے ابتدائی اسکین اور طبی معائنے کے بعد انجریز کی نوعیت کا اندازہ ہوسکے گا تاہم انہیں واپس پاکستان بھیجا جارہا ہے۔

فاسٹ بولرز وطن واپسی پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے، جہاں انہیں ری ہیب کروایا جائے گا۔

دونوں کرکٹرز کی جگہ عباس آفریدی اور جہانداد خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جو بلاوئیو میں سیریز کے فیصلہ کن میچ کیلئے سلیکشن ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

دریں اثنا 3 میچوں کی ٹی20 سیریز میں احمد دانیال کی جگہ عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹی20 اسکواڈ

پاکستانی ٹی 20 ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، عامر جمال، عرفات منہاس، حارث رؤف، حسیب اللہ خان، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد حسنین، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ زمبابوے اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے میچ کل (جمعرات کو ) کوئنز سپورٹس کلب بلاوائیو میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ میزبان زمبابوے کی ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی ٹیم کو 80 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے زمبابوے کو نہ صرف 10 وکٹوں سے شکست دی بلکہ تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

PCB

lahore

Fast Bowler

Pakistan Cricket Team

odi series

shahnawaz dhani

pakistani fast bowler

pakistan vs zimbabwe

ahmed daniyal