پنجاب اور جڑواں شہروں میں اشیا کی ترسیل بری طرح متاثر ہونے سے قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں
پنجاب کے مختلف شہروں میں راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ایک طرف گاڑیوں میں لدا مال خراب ہونے کا خدشہ ہے تو دوسری جانب مویشیوں کی زندگی بھی داؤ پر لگ گئی۔ دو روز سے راستے بند ہونے کی وجہ سے دس مویشی ہلاک ہوگئے۔
سفر دشوار ہو گیا منزل پر پہنچنا امتحان بن گیا۔ راستوں کی بندش سے سندھ اور پنجاب کے بارڈر پر تاحد نگاہ گاڑیاں ہی گاڑیاں ہیں۔ گھوٹکی میں سندھ پنجاب سرحد پر پچاس کلو میٹر تک قومی شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام ہے۔ عمر کوٹ سے لاہور جانے والا راستہ بھی دو روز بند ہے۔ کمالیہ کے مقام پر دریائے راوی پُل بھی بند ہے جس کی وجہ سےکئی کلو میٹر تک ٹریفک جام ہے۔ پُل کے دونوں اطرف گاڑیوں میں موجود مسافر رات بھر بھوکے پیاسے رہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج کے باعث راستے بند ہیں اور ججز کی عدم دستیابی کے باعث ڈویژن بینچز کی کاز لسٹ منسوخ کردی گئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس سردار اعجاز خان، جسٹس بابر ستار آج بھی دستیاب نہیں ہیں۔
ادھر لاہور میں راستوں کی بندش سےسبزیوں گوشت،پھلوں کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 15 روپے کا اضافہ ہوگی جبکہ سرکاری نرخ نامے میں فی کلو قیمت 490 روپے مقرر ہے۔
ٹماٹر اڑھائی سومیں فروخت ہونے لگا جبکہ مٹر تین سو روپے فی کلو پر پہنچ گئے۔ سیب تین سو اور انار چھ سوروپے میں فروخت ہورہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی احتجاج کی کال کے پیش نظر مال بردار گاڑیاں دستیاب نہ ہونے سے سپلائی متاثرہے۔ اشیائے خوردونوش، پھلوں، سبزیوں اور جانوروں کے چارے کی سپلائی نہ ہو سکی۔
دکانداروں نے دوسرے شہروں سے سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی نہ آنے کوجواز بناتے ہوئے منہ مانگے دام وصول شروع کردیے۔ دکاندار کے مطابق بعض سبزیاں گاڑیوں میں لوڈ ہیں اور خراب ہو چکی ہیں۔
ادھر کمالیہ دریائے راوی پل اج دوسرے روز بھی بند پل کے دونوں اطرف گاڑیوں کی کئی کلومیٹر تک لمبی لائنیں لگ گئیں۔ کمالیہ پل کے دونوں طرف گاڑیوں میں موجود مسافر رات بھر گاڑیوں میں بھوکے پیاسے موجود رہے
کمالیہ دریائے راوی پل کا متبادل راستہ موجود نہ ہونے کی بنا پر متعدد گاڑیاں دو روز سے پل کے دونوں اطراف موجود ہیں۔ صدر پولٹری ایسوسی ایشن ملک محمد شریف کے مطابق کمالیہ سے روزانہ پاکستان بھر میں 40 لاکھ کے قریب انڈے روزانہ سپلائی کیے جاتے تھے
انہوں نے بتایا کہ کمالیہ اج دوسرے روز ایک بھی گاڑی انڈے لوڈ کر کے کسی بھی شہر میں نہ جا سکی ہے کافی نقصان ہو رہا ہے، کمالیہ پولٹری پیداوار کے لحاظ سے پنجاب بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔
سندھ پنجاب سرحد ٹریفک صورتحال
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ پنجاب سرحد ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے، سندھ سے پنجاب جانے پنجاب سندھ آنے والے دونوں ٹریک پر ٹریفک پھنس گئی ہے۔
پولیس کے مطابق کئی گھنٹوں سے ٹریفک بند ہونے کی وجہ لمبی قطاریں ہیں۔ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ 2 دن سے پھنسے ہوئے ہیں اور مال مویشی مررہے ہیں۔ ایک ڈرائیور نے بتایا کہ عمر کوٹ سے آئے ہیں لاہور جا رہے ہیں، کل بھی 10 مویشی مرگئے تھے۔
Comments are closed on this story.