Aaj News

بدھ, نومبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Awwal 1446  

احتجاج سے قبل گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری، راولپنڈی سے پی ٹی آئی کارکنان گرفتار

تھانہ مناواں لاہور کے مقدمے میں تفتیشی افسر نے وارنٹ عدالت سے گرفتاری کی استدعا کی تھی
اپ ڈیٹ 19 نومبر 2024 10:49pm

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں رنگ روڈ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر توڑ پھوڑ کے کیس میں چوبیس نومبر کے احتجاج کی قیادت کی ذمہ داری پانے والے پی ٹی آئی رہنما اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں کیس کی سماعت کے دوران تھانہ مناواں لاہور کے مقدمے میں تفتیشی افسر نے عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔

آزادی مارچ توڑ پھوڑ کیس؛ گنڈا پور کیخلاف اشتہار جاری کرنے کا حکم

تھانہ مناواں کے تفتیشی افسر کے وارنٹ گرفتاری کی استدعا پر انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمہ میں علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے گئے ہیں ۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم مقدمہ میں تفتیش کیلئے پیش نہیں ہوا ہے، وارنٹ گرفتاری جاری کیئے جائیں، عدالت کے ایڈمن جج منظرعلی گل نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج کے اعلان کے بعد راولپنڈی پولیس کی جانب سے کارکنان کی پکڑ دھکڑ جاری ہے، تھانہ آر اے بازار نے پی ٹی آئی کے 5 کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔

راولپنڈی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان بکرا منڈی کے مقام پر احتجاج کے سلسلے میں مہم چلا رہے تھے، جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

پی ٹی آئی 24 نومبر کیلئے حکمت عملی بنانے میں ناکام، کل ورچوئل جلسے کا اعلان

پولیس نے بتایا کہ تحریک انصاف کے گرفتار ہونے والے کارکنوں میں راجہ شاہد، راجہ ابرار، حسن خالد، ناصرقریشی اور نعمان انصر شامل ہیں، انہیں متعلقہ تھانے میں رکھا گیا ہے۔

اسلام آباد میں مارچ سے متعلق وال چاکنگ ختم کرنے کے لیے ٹیمیں متحرک ہوگئیں، لوکل گورنمنٹ کے اہلکار بانی پی ٹی آئی کے نام کی وال چاکنگ مٹانے میں مصروف ہیں۔

اسپیشل برانچ کی جانب سے وال چاکنگ کی نشاندہی کی تھی ، حکام کے مطابق وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں 24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے اعلان پرایکشن لیتے ہوئے راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پرچھاپے مارے اورمتعدد کو پکڑ کر تھانے منتقل کردیا ہے۔

پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکام کی ہدایت پر پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پرچھاپے مارے جارہے ہیں ، پی ٹی آئی رہنما زیادخلیق کیانی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔

راولپنڈی پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ کارکنان کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے، چھاپوں کے دوران متعدد کارکنوں کوپکڑکر تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

lahore

Ali Amin Gandapur

Administrative Judges of Anti Terrorism Courts