کنونشن سینٹر کا نجی استعمال: آئینی بینچ نے عمران خان کے خلاف کیس نمٹادیا
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کنونشن سینٹر کے نجی استعمال پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 6 رکنی آٸینی بینچ نے کنونشن سینٹر کے نجی استعمال پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔
آئینی بینچ نے اٹارنی جنرل آفس سے جواب طلب کرلیا، آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل صاحب اس معاملہ پر شاید واجبات بعد میں ادا کر دیے گئے تھے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ سوموٹو کیس میں سابق وزیراعظم کو بھی نوٹس کیا گیا تھا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کنونشن سینٹر کو ادارے کی پالیسی کے مطابق چلائیں۔
ایڈیشنل جنرل عدالت سے واجبات کی ادائیگی سے متعلق معلومات لینے کے لیے کچھ وقت مانگا، جس پر عدالت نے سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا۔
وقفے کے بعد کیس کی سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کنونشن سینٹر میں پی ٹی آئی کی تقریب کے اخراجات ادا کر دیے گئے تھے۔
ایڈیشنل جنرل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے تقریب کے بعد سی ڈی اے کو اخراجات ادا کر دیے گئے تھے۔
بعدازاں، آئینی بنچ نے کنونشن سینٹر از خود نوٹس نمٹا دیا۔