Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کی 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال، احتجاج سے پہلے ہی مذاکراتی کمیٹی تشکیل

مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا، علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو
شائع 13 نومبر 2024 11:28pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی ہے، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کو جامع احتجاجی پلان دے دیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک واپسی نہیں ہوگی۔

بانی پی ٹی آئی کی بنائی گئی کمیٹی احتجاج لیڈ کرے گی، کمیٹی کو مذاکرات کرنے اور احتجاج ختم کرنے کا بھی اختیار حاصل ہے، جو بھی مذاکرات کرنا چاہے گا، کمیٹی اس سے مذاکرات کرے گی۔

بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم انہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے، بانی نے کہا کہ نام نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھراور پوری دنیا میں ہوگا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔

فیصل چوہدری کےمطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارامینڈیٹ واپس کیا جائے، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔

فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جب کہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہوگا۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے نکلیں گے۔

فائنل کال تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، بیرسٹر سیف

بیرسٹر سیف نے کہا کہ فائنل کال جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کہتے ہیں جعلی حکومت کی سیاسی لاش علی امین گنڈاپور دفنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کچھ بھی کرے انکا آخری وقت آپہنچا ہے، جعلی مقدمات کا خاتمہ اور بانی کی رہائی سمیت مینڈیٹ چوروں کا کڑا احتساب ہوگا۔

اس بار کوئی واپسی نہیں ہے، گنڈا پور

وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ احتجاج کے لئے تیاریاں مکمل ہیں، علیمہ خان نے تاریخ کا اعلان کردیا ہے، اس بار کوئی واپسی نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مطالبات پورے ہونے تک واپسی نہیں ہوگی۔

احتجاج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کیا جائے گا، علیمہ خان

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ 8 فروری کو آپ انقلاب لے کر آئے تھے، ان کی کوشش تھی کہ آپ ووٹ نہ ڈال سکیں یہ آپ کا حق تھا، آپ لوگ 8 فروری کو نکلے یہ ہمارا حق ہے، آپ نے اپنا آئینی حق استعمال کیا۔

علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے ایلیٹ کیپچر سے طاقت چھینی اور طاقتور بن گے اور 9 فروری کو سارا مینڈیٹ چوری کرلیا گیا، آپ کا چوری کیا گیا ووٹ گنے چنے لوگوں کو دے دیا، ان سب کو قومی اسمبلی میں بٹھایا اور پھر 26 ویں ترمیم اس کا نتیجہ ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا رول آف لا، سپریم کورٹ کی آزادی چھین لی۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا اپنے کسانوں، وکلا اور عوام سے مخاطب ہوں، پاکستان کے جس طرح حالات ہیں آپ کو نکلنا ہوگا، وکیلوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سپریم کورٹ کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں، سول سوسائٹی سے کہا کہ باہر نکلنا ہے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا یہ آپ کا مستقبل ہے، رول آف لا، عدلیہ، جمہوریت اور چھینے گئے مینڈیٹ کے لیے نکلنا ہے، بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے، ووٹرز، ایم این ایز، ایک ایک کارکن اور لیڈر شپ کو کہا کہ یہ موقع ہے فیصلہ کرنا ہوگا کہ مارشل لا میں رہنا ہے یا آزاد ہونا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد نکلنے کی تاریخ دے دی ہے، عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے جبکہ احتجاج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

rawalpindi

imran khan

adiala jail

Aleema Khan

Adiyala Jail

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Adyala Jail

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Adiayala Jail