Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور: ٹشو پیپر فیکٹری میں لگی خوفناک آگ تاحال بے قابو، فائر فائٹرز کی حالت غیر، پاک فضائیہ پہنچ گئی

60 سے زائد فائر فائٹرز اور 20 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2024 08:23pm

پشاور کے علاقے حیات آباد انڈسٹریل ایریا میں ٹشو پیپر کی ایک فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ کئی گھنٹوں بعد بھی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا، آگ بجھانے کے دوران کئی فائر فائٹرز کی حالت غیر ہوگئی۔

آگ پر قابو پانے کے لیے چارسدہ، مردان اور نوشہرہ سے مزید فائر وہیکلز اور فائر فائٹرز طلب کرلئے گئے۔

آگ بجھانے میں 60 سے زائد فائر فائٹرز اور 20 سے زائد گاڑیاں مصروف ہیں، جبکہ کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شدت کے لحاظ سے آگ اول درجے کی ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ ٹشو پیپر کے کارخانے میں لگی ہے جو مزید پھیل گئی ہے۔

چھ گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا تو پاک فضائیہ مدد کیلئے آگے بڑھی اور پاک فضائیہ کی گاڑیاں امداد کے لیے پہنچ گئیں۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق آتشزدگی میں چار افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں جنہیں حیات آباد میڈیکل اسپتال سے طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔

کمشنر پشاور ریاض محسود نے آج نیوزسے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی شدت بہت زیادہ ہے، آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔

کمشنر پشاور نے کہا کہ فیکٹری میں ٹشو پیپر اور پیمپرز کے ساتھ کیمیکل بھی موجودہے، کیمیکل کی وجہ سے آگ کی شدت بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیکرٹری کے آس پاس دوسرے کارخانوں کو محفوظ کیا گیا ہے، ریسکیو، پی ڈی ایم اے، ضعلی انتظامیہ اور پاک فضائیہ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، پشاور کے قریبی اضلاع سے فائر فائٹر گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں، علاقے میں گیس اور بجلی کے کنکشن منقطع کردیے گئے ہیں۔

fire

peshawar

Tissue paper Factory