Aaj News

بدھ, اکتوبر 16, 2024  
12 Rabi Al-Akhar 1446  

بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہ دیا تو اسلام آباد دور نہیں، علی امین گنڈاپور

حکومت ہمیں ایسا کرنے پر مجبور کررہی ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مشروط احتجاج کا اعلان
اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2024 09:31pm

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد میں کل ڈی چوک جانے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی نے اسلام آباد احتجاج کا مشروط اعلان کیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا امید ہے حکومت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دے گی۔ ملاقات کی اجازت ملی تو پارٹی کا فیصلہ آجائے گا۔ اگر حکومت نے اجازت نہ دی تو اسلام آباد دور نہیں۔ اپنی طرف سے بیانیہ بنانے والے بغیر تصدیق بات نہ کیا کریں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت ہمیں ایسا کرنے پر مجبور کررہی ہے، ہمارے لیڈر سے متعلق صورتحال کلیئیر نہیں ہے۔ صحافیوں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح ہماری تیاری زبردست ہے۔

علاوہ ازیں علی امین گنڈا پورنے واضح کیا کہ عمران خان کی طبیعت ناساز ہے، اگر پی ٹی آئی وفد کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائے تو احتجاج مؤخر کرنے کے بارے میں سوچا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گنڈا پور کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کا بیان ایسے وقت پر آیا ہے جب شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے وزیراعظم اسلام آباد پہنچے ہیں اور پاکستان اور چین کے مابین اہم معاہدے ہونے جارہے ہیں۔

دوسری جانب تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے پی ٹی آئی پر زور دیا گیا تھا کہ وہ شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی وجہ سے ڈی چوک کا احتجاج ملتوی کردے جس کے بعد پی ٹی آئی نے احتجاج مؤخر کرنے کے لیے مشروط پیشکش کی تھی۔

پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرائی جس کے بعد احتجاج مؤخر کردیں گے۔ آج صبح سے ہی خبریں زیر گردش تھیں کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بعدازاں وزارت داخلہ نے ان خبروں کی تردید کی۔

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیڈر سے ملاقات نہ ہونے پرپارٹی کوتشویش ہے، یہ لوگ ہمیں یہ قدم اٹھانے پرمجبورکررہے ہیں۔

علی امین کے یوٹرن پرصحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کتے بھونکتے رہتے ہیں، قافلے چلتے رہتے ہیں، اگرہرکتے کو پتھرمارنا شروع کریں گے تو قافلے نہیں چل سکتے۔

پاکستان

Ali Amin Gandapur

PTI protest