گنڈا پور اور فیصل کنڈی کے تعلقات میں برف پگھلنے لگی، جرگے میں شرکت کی دعوت
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور گورنر فیصل کریم کنڈی کے مابین پہلا رابطہ ہوا ہے، انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا کو جرگے میں شرکت کی دعوت دی جبکہ گورنر خیبر پختونخوا اسلام آباد میں سیاسی مصروفیات ترک کرکے پشاور روانہ ہو گئے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے رات گئے گورنر فیصل کریم کنڈی کو خصوصی طور پر صوبائی مسائل پر صوبائی اسمبلی کی جانب سے قائم کیے گئے جرگے میں مدعو کیا ہے، یہ جرگہ صوبائی اسمبلی کی تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کی مشاورت کے نتیجہ میں قائم کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صورتحال پر صوبے بھر کی سیاسی جماعتیں شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالات کی خرابی اور خیبر کی صورتحال کے بعد صوبائی پارلیمانی لیڈرز نے صوبائی اسمبلی کو ایک کمیٹی یا جرگہ ڈیکلیئر کر دیا جس کی سربراہی صوبے کے چیف ایگزیکٹیو کریں گے، اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز نے وزیراعلی علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی اور انہیں کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے وفاق کے ساتھ رابطہ کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کی سیاسی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔
صوبائی جرگے کی تجاویز پر وزیراعلی علی امین گنڈہ پور نے رات گئے وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبر پختونخوا سے رابطہ کیا اور انہیں جرگہ میں شرکت کی دعوت دی، جو گورنر خیبر پختونخوا نے قبول کر لی۔
واضح رہے کہ صوبائی حقوق کے لیے جرگہ کی تشکیل کے حوالے سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ان کے بھائی احمد کریم کنڈی گزشتہ 4 ماہ سے کوشاں ہیں۔
اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی فیصل کریم کنڈی نےاسلام اباد میں اپنی تمام مصروفیات ترک کر دیں اور فوری طور پر پشاور روانہ ہو گئے۔
Comments are closed on this story.