Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد سے پولیس اہلکار کی شہادت: آج اسلام آباد پولیس کیلئے بہت غمگین دن ہے، آئی جی

اہلکار حمید شاہ پر تشدد بھی کیا گیا جس سے وہ شہید ہوگئے، آئی جی ناصر علی رضوی
اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2024 05:21pm

انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا تحریک انصاف کے کارکنان کے تشدد کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکار حمید شاہ کی شہادت پر کہنا ہے کہ آج کا دن اسلام آباد پولیس کے لیے بہت غمگین دن ہے۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلام آباد پولیس نے اپنا ایک بیٹا کھویا ہے، ڈاکوؤں سے لڑنے والے جوان کی آج شہادت ہوگئی، آج پولیس کی صفوں میں انتہائی دکھ اور تکلیف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حمید شاہ 26 نمبر چونگی پر مظاہرین کے پتھراؤ کے زد میں آیا، حمید شاہ پر تشدد بھی کیا گیا جس سے وہ شہید ہوگئے، شہید کے بچے سوال کر رہے ہیں کہ کیا ریاست انہیں انصاف دے گی؟

آئی جی اسلام آباد نے اعلان کیا کہ اہلکار کی شہادت پر سخت سے سخت ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کے پروگرام کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لیڈ کر رہے تھے، سب نے دیکھا ہے کہ دھاوا بولنے والوں کو لیڈ کون کر رہا تھا، دھاوا بولنے والوں کے خلاف 10 ایف آئی آر درج ہوچکی ہیں، ہم عبدالحمید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے صبر سے کام لیا لیکن مظاہرین نے تشدد کا راستہ اپنایا، مظاہرین نے پولیس پر زہریلی گیس فائر کی۔

آئی جی اسلام آباد ناصر علی رضوی نے بتایا کہ احتجاج کے دوران 120 افغان باشندوں سمیت 878 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے دوران 154 ملین روپے کے سیف سٹی کیمروں کا نقصان کیا گیا، ہمارے جوانوں کی 31 موٹر سائیکلوں کا نقصان ہوا، مظاہرین نے تین نجی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، مظاہرین نے کے پی پولیس کا سامان استعمال کیا، مظاہرین نے سرکاری شیل استعمال کیے، مظاہرین نے میٹرو بس کا جنگلہ توڑ دیا، ہمیں مظاہرین سےسرکاری اسلحہ بھی ملا ہے، مظاہرین میں کے پی پولیس کے حاضر سروس اہلکار بھی تھے۔

IG Islamabad

D Chowk protest

PTI protest

pti workers arrest

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

4th October D Chowk Protest

Nasir Ali Rizvi