Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

کیس کو معمول کے مطابق چلنے دیں، اگلے ہفتے کی نئی تاریخ بعد میں دی جائے گی، جج کے ریمارکس
شائع 04 اکتوبر 2024 11:48am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے جبکہ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی، بشری بی بی کی جانب سے خالد یوسف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک جواب جمع کروانے کا حکم دیا۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے دوران سماعت مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی 13 جولائی سے اس مقدمے میں قید ہیں، ٹرائل کورٹ نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ سماعت آئندہ پیر کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

توشہ خانہ 2 کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ کیس کو معمول کے مطابق چلنے دیں، اگلے ہفتے کی نئی تاریخ بعد میں دی جائے گی۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

بشریٰ بی بی نے اسپیشل جج سنٹرل کی عدالت سے ضمانت مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔

یاد رہے کہ 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کا فیصلہ جلد کرنے کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تین صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کے مطابق مجسٹریٹ کے لیے 3 دن میں ضمانت کا فیصلہ کرنا لازم ہے۔

کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) تشکیل دے دی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی تاریخ مقرر

جبکہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

imran khan

Islamabad High Court

bushra bibi

tosha khana

justice miangul hassan aurangzeb

Imran Khan Bushra Bibi

BUSHRA BIBI CASE

new tosha khana case

Tosha Khana Reference 2