Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان، کتنے پاکستانی شامل

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 اکتوبر سے ملتان میں کھیلا جائے گا
شائع 03 اکتوبر 2024 02:22pm

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور بنگلادیش کے شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، دونوں امپائرز آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے سر رچی رچرڈسن سیریز میں میچ ریفری کی حیثیت سے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر گیفینی اور پاکستان کے آصف یعقوب فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے کمار دھرما سینا اور کرسٹوفر گیفینی آن فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیں گے جبکہ شرف الدولہ سیکت تھرڈ امپائر ہوں گے، پاکستان کے راشد ریاض چوتھے امپائر ہوں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ کے لیے کرسٹوفر گیفینی اور شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز کے فرائض سرانجام دیں گے، کمار دھرما سینا تھرڈ امپائر ہوں گے جبکہ فیصل آفریدی فورتھ امپائر کے فرائض نبھائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، جس کا پہلا میچ 7 سے 11 اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ملتان میں 15 سے 19 اکتوبر تک کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان

England

lahore

test series

pak vs eng

Pakistan vs England

match officials

england tour of pakistan