مالم جبہ میں قافلے پر حملہ: غیر ملکی سفیروں کو گورنر ہاؤس پشاور مدعو کرنے کا فیصلہ
خیبر پختوانخوا کے ضلع سوات میں غیرملکی سفارتکاروں کے قافلے پر حملے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی جبکہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قافلے میں شامل بارہ غیرملکی سفیروں کو خطوط ارسال کردیے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اور اسپشل سیکرٹری داخلہ شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کرے گی اور تحقیقات کے بعد 7 روز میں تفصیلی رپورٹ بھی تیار کرکے صوبائی حکومت کو جمع کرائے گی۔
علاوہ ازیں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 12غیرملکی سفیروں کوخطوط ارسال کردیے تاکہ انہیں گورنر ہاؤس میں مدعو کیا جا سکے۔
خطے میں گورنر نے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت اور اظہار افسوس کیا۔ خط میں کہا گیا کہ غیرملکی سفیروں کو صوبے کا پرامن چہرہ دکھائیں گے، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ 22 ستمبر کو سوات میں غیرملکی سفارتکاروں کے قافلے پر حملہ ہوا تھا، دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے تھے، خوش قسمتی سے حملے میں تمام غیر ملکی سفارتکار محفوظ رہے تھے۔
Comments are closed on this story.