Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی نے 21 ستمبر کے جلسے کیلئے اجازت مانگ لی

21 ستمبر لاہور کا جلسہ ہر حال میں ہوگا، فرخ جاوید
شائع 16 ستمبر 2024 10:05pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 21 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کی اجازت کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے دی۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے مینار پاکستان پر جلسے کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر لاہور کو درخواست بھیج دی۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف لاہور میں متعدد بار جلسے کی اجازت مانگ چکی ہے، اس دوران کئی جماعتوں اور تنظیموں نے لاہور میں جلسے کیے، جمیعت علماء اسلام نے مینار پاکستان میں جلسہ کیا لیکن پاکستان تحریک انصاف کو این او سی جاری نہیں کیا گیا۔

متن میں مزید کہا گیا کہ آپ کے افسران کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان کے مقام پر جلسے کی اجازت دی جائے اور 21 ستمبر کے جلسے کے لیے این او سی جاری کیا جائے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فرخ جاوید کہتے ہیں کہ 21 ستمبرلاہورکا جلسہ ہر حال میں ہوگا، ہم نے جلسے کی بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہورکا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا، پنجاب حکومت کےتمام اوچھے ہتھکنڈوں کےباوجود کامیاب جلسہ کرکے دکھائیں گے۔

lahore

Minar e Pakistan

PTI jalsa

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

minar e pakistan jalsa

PTI Jalsa Lahore