Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’سمندر میں تیسری کیبل بھی کٹ گئی‘، حکومت کے جواب پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ بھڑک اٹھے

انٹرنیٹ میں مسئلہ کس وجہ سے ہے؟ حکومت عدالت کے سامنے اس بارے میں کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکی
شائع 26 اگست 2024 04:23pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ سست روی اور فائروال کی انسٹالیشن کے خلاف درخواست پر حکومت کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ دینے پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے ممبر ٹیکنیکل کو آئندہ سماعت پرذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے انٹرنیٹ کی سست روی اور فائروال کی انسٹالیشن کے خلاف درخواست پر سماعت کی، انٹرنیٹ میں ایشو کس وجہ سے ہے؟ حکومت عدالت کے سامنے تسلی بخش جواب نہ دے سکی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آئی ٹی سے متعلق جو لوگ کام رہے ہیں یہ ساری چیزیں انٹرنیٹ کی مرہون منت ہیں، وزرا کے متضاد بیانات آرہے ہیں کبھی فائر وال ہے کبھی فائر وال نہیں ، وزیر ایک دن ایک دوسرے دن دوسرا بیان دیتا ہے پوری قوم کنفیوژ ہے۔

پی ٹی اے کے وکیل نے کہا کہ پہلے ہمیں پتہ چلا 2 کیبلز کٹی ہوئیں تھیں اور اب ہمیں کل میسج آیا تیسری کیبل بھی کٹ گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج کی انٹرنیٹ بندش کیخلاف درخواست پر سماعت سے معذرت

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں کیس زیر التوا ہے یہاں بھی کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا، کیبل یا کیبلز کٹ گئی ہیں اس کا ذمہ دار پی ٹی اے ہے یا کون ہے؟ پچھلے 10 دن کے اخبارات اٹھا کے دیکھ کر متضاد بیانات ہیں وزیر کا ایک دن ایک بیان دوسرے دن دوسرا بیان آتا ہے، حکومت اسے اتنا نارمل لے رے ہے اس طرح عدالت پیش ہو کر بیان دینا کہ کچھ معلوم نہیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہماری کسی انسٹالیشن کی وجہ سے کوئی ایشو نہیں آیا، جس پر عدالت نے کہا کہ 10 دن سے بزنس کمیونٹی شکایت کر رہی ہے انٹرنیٹ سے متعلقہ ہر کوئی شکایت کر رہا ہے، حکومت کہہ رہی ہے خراب ہے بس خراب ہے اب یہ پرانا دور تو نہیں جب ایک فون خراب ہوتا تھا تو خراب ہی ہے۔

وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ انٹرنیٹ چل رہا ہے واٹس ایپ کے فنکشن متاثر ہو رہے ہیں آڈیو ویڈیو صحیح طریقے سے سینڈ نہیں ہو رہیں، چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے ویب آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریٹ کررہے ہیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سیکیورٹی اور نیشنل انٹرسٹ کا معاملہ ہو تو عدالت کے دیکھنے کے لیے ریورٹ دے دیں، عدالت جاننا چاہتی ہے یہ ہو کیا رہا ہے؟۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی اے وکیل سے کہاکہ ایک رات کے لیے سسٹم میں مسئلہ ہو جاتا ہے، بارہ چودہ روز ہو چکے۔

بھارتی یوم آزادی پر سائبر حملے سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہوئی، پی ٹی اے کا عدالت میں جواب

فائر وال کی تنصیب اور انٹرنیٹ میں خلل: پی ٹی اے، وزارت آئی ٹی کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت 3 ستمبر پر حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور ممبر ٹیکنیکل وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آئندہ سماعت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ بعدازاں سماعت 3 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

Slow Internet

Firewall in Pakistan

Pakistan Internet

Internet slow

slow internet in Pakistan

Internet down in Pakistan

Pakistan's Internet Down

Internet slow in Pakistan

firewall

firewall installation