ایران بڑے حملے کی تیاری کررہا ہے، اسرائیلی انٹیلی جنس کا دعویٰ
اسرائیلی انٹیلی جنس نے دعویٰ کردیا کہ ایران بڑے حملے کی تیاری کررہا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے امریکی ہم منصب کو ٹیلی فون پرخدشات سے آگاہ کردیا۔ امریکا نے گائیڈڈ میزائل سب میرین کو فوری طور پر مشرق وسطیٰ روانہ کردیا۔ طیارہ بردار جنگی بحری جہاز کی جلد از جلد تعیناتی کا حکم دے دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ایران بڑے حملے کی تیاری کررہا ہے، تل ابیب پر براہ راست حملے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور یہ حملہ آئندہ چند روز میں ہوسکتا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر اور پاسداران انقلاب کی حملے کے حوالے سے رائے مختلف ہے، ایرانی صدر شدید جوابی کارروائی سے گریز چاہتے ہیں جبکہ پاسداران انقلاب وسیع پیمانے پر حملے کا ارادہ رکھتی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیردفاع نے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ایران کی فوجی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے معاملے کی سنگینی پر مشرق وسطیٰ میں جلد سے جلد میزائل بردار آبدوز اور ابراہم لنکن طیارہ بردار جنگی بحری جہاز تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔
پینٹاگون کے مطابق تعینات کی جانے والی آبدوز یو ایس ایس جورجیا ایک ایٹمی آبدوز ہے۔ ووسری جانب حماس نے جنگ بندی مذاکرات میں اپنا وفد نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حماس نے مذاکرات میں وفد کی شرکت کو دو جولائی کو طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد سے مشروط کردیا۔
Comments are closed on this story.