Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں نیا اسپیل 3 اگست سے انٹری دے گا، 7 اگست موسلادھار بارش متوقع

کراچی سے بارش کا موجودہ اسپیل تقریبا نکل چکا، شہر میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز
اپ ڈیٹ 01 اگست 2024 03:29pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں پورا دن بارش جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں تیزبارش کا کوئی امکان نہیں، نیا اسپیل تین اگست سے انٹری دے گا، چار سے سات اگست تک موسلادھار بارش متوقع ہے۔

واضح رہے کہ آئی آئی چندریگر روڈ، صدر گرومندر، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ اور اطراف میں رات گئے بارش ہوئی جبکہ گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، کریم آباد، نارتھ ناظم آباد میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ رات سے تاحال جاری ہے۔ یونیورسٹی روڈ سے لے لیکر ٹاور تک اور اورنگی ٹاؤن سے گلشن حدید تک رم جھم جاری ہے۔ بارش کے ساتھ ہی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مسائل کاسامنا ہے، شہری

بارش سے گرمی کا زور توٹوٹ گیا لیکن شہری مسائل کا روناروتے ہوئے بھی نظر آئے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مسائل کاسامنا ہے۔ نکاسی آب کا مسئلہ ہمیشہ سے موجود ہے جو حل نہیں ہورہا۔

شہریوں نے سندھ حکومت کواپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت بارش سے قبل دعوے تو بہت کرتی ہے لیکن مسائل جوں کے توں موجود ہیں، دعا ہے کہ حکومت ان مسائل کا حل نکالے۔

بارش کےبعد سٹی کورٹ کا داخلی راستہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ سٹی کورٹ آنے والے وکلا اور سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ سٹی گورنمنٹ کا عملہ غائب ہے۔

شہر قائد میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی سے بارش کا موجودہ اسپیل تقریبا نکل چکا، شہرمیں تیزبارش کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے پیش گوئی کی کہ نیا اسپیل تین اگست سے انٹری دے گا، چار سے سات اگست تک موسلادھار بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

سب سے زیادہ بارش گلشن معمار میں 11.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل بیس میں 11 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 10 ملی میٹر،کورنگی میں 8.8 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ پر 6 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 5.8 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 5، کیماڑی میں 4.5 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح سرجانی میں 2.5 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس میں 1.5 ملی میٹر، سب سے کم بارش ناظم آباد میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی

یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران یکم سے 6 اگست تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی تھی،،محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 31 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس سے ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

پاکستان

Karachi Rain

کراچی میں بارش

کراچی میں بارش سے سڑک پر پانی جمع

کراچی میں برساتی نالہ