Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

نیب کا ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کیخلاف ریفرنس بند کرنے کا فیصلہ

نیب نے رائے اعجاز اور کامران ممتاز کے خلاف بھی نیب ریفرنس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا
شائع 22 جولائ 2024 11:21am

قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کے خلاف نیب ریفرنس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نیب نے رائے اعجاز اور کامران ممتاز کے خلاف بھی نیب ریفرنس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سہیل ظفر چٹھہ سمیت دیگر کے خلاف نیب نے گجرات پولیس فنڈز میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا ریفرنس دائر کیا تھا۔

چئیرمین نیب نے ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کے خلاف نیب ریفرنس واپس لینے کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کر دی۔

نیب کا کہنا تھا کہ سہیل ظفر چٹھہ، رائے اعجاز اور کامران ممتاز نے ریفرنس واپس لینے کے لیے چیئرمین نیب کو درخواست دی۔

نیب کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کی درخواستوں کا بغور جائزہ لیا گیا، ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف شواہد موجود نہیں۔

نیب کی درخواست کے مطابق ملزمان کے خلاف ریفرنس کو چلانا مناسب نہیں ہو گا، نیب کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ احتساب عدالت ریفرنس واپس لینے کی نیب کی درخواست منظور کر لے اور سہیل ظفر چٹھہ سمیت دیگر ملزمان کو بری کیا جائے۔

NAB

lahore

National Accountability Bureau

nab reference

dg anti corruption punjab

sohail zafar chattha