Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں وطن واپس لانے کا فیصلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی سے سری لنکن ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
شائع 19 جولائ 2024 11:27am

سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گزشتہ کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے دونوں جانب سے ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

بیرون ملک جیلوں میں کتنے پاکستانی قید ہیں؟ تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے تمام اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ملاقات میں انسداد منشیات اور بارڈر سیکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی، سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے تیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔

اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

Interior Minister

اسلام آباد

Sri Lanka

mohsin naqvi

pakistani prisoners

sri lankan high commissioner

Admiral (retd) Ravindra Chandra Srivijay Gunaratne