کے پی، پنجاب، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں آج بارش کا امکان
ملک بھر میں بارشیں ہو بھی رہی ہیں اور مزید بارشوں کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ماحول کے مجموعی تجزیے کی بنیاد پر بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ کے ساحلی اضلاع میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ کراچی میں تین دن سے مطلع مکمل طور پر ابر آلود ہے۔ دو دن سے یہ کیفیت ہے کہ بارش اب ہوئی کہ تب ہوئی۔ بوندا باندی اور ہلکی بارش تو ہو رہی ہے تاہم بادل کُھل کر نہیں برس رہیے۔
بلوچستان اور پنجاب میں بارشوں نے اچھی خاصی تباہی مچائی ہے۔ لاہور میں گزشتہ روز ریکارڈ بارش ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔
لاہور میں بارش کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹنے سے شہریوں کی جان پر بن آئی ہے۔ جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے آمد و رفت میں دشواری کا سامنا ہے۔ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ شہر کے بہت سے علاقوں میں لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارشوں کے امکان کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔ کراچی میں سیلابی کیفیت کا خطرہ ہے کیونکہ برساتی نالوں کی صفائی نہیں کی گئی۔ ان نالوں میں کچرا بھرا ہوا ہے۔ موسلا دھار بارش کی صورت میں یہ نالے ذرا سی دیر میں بھر جائیں گے اور سڑکیں ڈوب جائیں گی۔
Comments are closed on this story.