Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم نواز کی کامیابی کیخلاف اپیل پر الیکشن کمیشن کو فارم 45 کا ریکارڈ پیش کرنے کی مہلت

فارم 45 ویب سائٹ پر اپلوڈ کیوں نہیں ہوئے؟ قانون میں لکھا ہے کہ جلد از جلد الیکشن اپیلوں پر ٹرائل کیا جائے، الیکشن ٹربیونل
شائع 02 جولائ 2024 01:08pm

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کامیابی کے خلاف اپیل پر الیکشن کمیشن کو فارم 45 کا ریکارڈ جولائی کے آخری ہفتے تک پیش کرنے کی مہلت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پی پی 159 سے کامیابی کے خلاف ان کے مخالف امیدوار مہر شرافت کی اپیل پر سماعت کی، اس موقع پر مریم نواز کی جانب سے بیرسٹر اسد اللہ چٹھہ ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے۔

مریم نواز کی جانب سے بیرسٹر اسد اللہ چٹھہ ایڈووکیٹ نے جواب داخل کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن اپیل قابل سماعت نہیں ہے۔

وکیل مریم نواز بیرسٹر اسداللہ چٹھہ کا کہنا تھا کہ ٹربیونل اپیل کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرے، جس پر جسٹس انوار حسین نے ریمارکس دیے کہ ٹربیونل کو کچھ سوالات کے جوابات درکار ہیں وہ نوٹ کرلیں۔

جسٹس انوار حسین نے استفسار کیا کہ حلقہ پی پی 159 میں کل کتنے پولنگ اسٹیشنز تھے، جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ اسکیم میں رجسٹرڈ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 102 ہے۔

جسٹس انوار حسین کا کہنا تھا کہ فارم 45 پر پریزائیڈنگ افسر کے دستخط ہوں گے، دیگر حلقے کے امیدوار وں کے پاس بھی وہی فارم ہوگا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ فارم 45 ویب سائٹ پر اپلوڈ کیوں نہیں ہوئے؟ قانون میں لکھا ہے کہ جلد از جلد الیکشن اپیلوں پر ٹرائل کیا جائے۔

اپیل کنندہ نے مؤقف اپنایا تھا کہ لاہور کے حلقے پی پی 159 سے مریم نواز کی جیت کا نوٹیفکیشن حقائق کے برعکس جاری کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے فارم 45 کا اصل ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی، عدالت نے الیکشن کمیشن کی استدعا کو منظور کرلی۔

بعدازاں الیکشن ٹربیونل نے سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔

علیم خان کی کامیابی کیخلاف اپیل پر الیکشن کمیشن کو فارم 45 اور 47 جمع کرانے کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی کے رہنما عبد العلیم خان کی عام انتخابات میں کامیابی کے خلاف اپیل پر الیکشن کمیشن کو مصدقہ فارم 45 اور 47 جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے عبد العلیم خان کی این اے 117 سے کامیابی کے خلاف سنی اتحاد کونسل کے امیدوار علی اعجاز بٹر کی اپیل پر سماعت کی۔

ٹربیونل نے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبد العلیم خان کی کامیابی کے خلاف اپیل پر بھی الیکشن کمیشن سے فارم 45 اور 47 کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے ریکارڈ پیش کرنے کی مہلت طلب کی جسے منظور کرتے ہوئے ٹربیونل نے سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔

PMLN

Lahore High Court

Maryam Nawaz Sharif

Election Tribunal

CM Punjab Maryam Nawaz