کراچی: ہیٹ ویو کے دوران لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا منظور
سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی جانب سے ہیٹ ویو کے دوران لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے دائر جماعت اسلامی کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔
سندھ ہائیکورٹ میں جماعت اسلامی کی جانب سے دائر درخواست پر جسٹس ذوالفقار احمد خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ آج ہی درخواست کی سماعت کرے گا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ کے الیکٹرک کو بالخصوص ہیٹ ویو میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔
کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے اموات پر کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج ہوگا، وزیر توانائی سندھ
درخواست عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر ، اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین کی جانب سے دائر کی ہے۔
بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس وصولی کیس: عدالت نے درخواستیں نمٹادیں
درخواست میں وزارت توانائی ، نیپرا اور کے الیکٹرک کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ درخواست میں کے الیکٹرک کی جانب سے 71 فیصد فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ فری کرنے کو غلط قرار دیا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کے مطابق کے الیکٹرک کی غیر معیاری کارکردگی کے باعث نیپرا نے 5 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا، ٹیکنیکل فالٹس بھی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہیں، انہیں درست کیا جائے، کراچی میں 16 گھنٹے کی روزانہ اوسط لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔
ایڈووکیٹ عثمان فاروق کے مطابق اب رات کے اوقات میں بھی 2 سے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ہے، ہیٹ ویو کی وجہ سے سیکڑوں شہری روزانہ ہسپتال لائے جا رہے ہیں، کے الیکٹرک کی کارکردگی سے کراچی کا کاروباری طبقہ اور طالب علم بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ان دنوں گرمی کی شدید لہر کے دوران صوبہ سندھ کے دارالحکومت ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہوا ہے۔
شدید گرمی کے دوران کراچی میں مختلف علاقوں میں 12 سے 12 گھنٹے بجلی غائب ہونا معمول بن گیا، اس کے علاوہ شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی کئی روز سے بند ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ دنوں بجلی کی طویل بندش اور گرمی کے ستائے شہریوں نے شہر کے مخلتف علاقوں میں احتجاج کیا، تین ہٹی، صفورا روڈ ، رضویہ سوسائٹی، لائنز ایریا، گرو مندر، نارتھ کراچی، کورنگی، لانڈھی، قائد آباد اور موسیٰ کالونی میں شہریوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
سندھ ہائی کورٹ: بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس وصولی کیس کا فیصلہ محفوظ
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گرم ترین دنوں میں جان بوجھ کر پریشان کیا جا رہا ہے، لوگوں کے دن رات عذاب بنادیے گئے ہیں۔ کوئی پرسان حال نہیں جب کہ جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں شاہراہ فیصل پرپانی و بجلی کی بندش کے خلاف دھرنا دیا گیا جس میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی، ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی۔
Comments are closed on this story.