Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب بھر میں عیدالاضحیٰ کا سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا

صوبے بھر میں 40 ہزار سے زائد پولیس اہلکار وافسران ڈیوٹی دیں گے
شائع 16 جون 2024 01:19pm

لاہور سمیت پنجاب بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر پولیس نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا، صوبے بھر میں 40 ہزار سے زائد پولیس اہلکار وافسران ڈیوٹی دیں گے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں اور نمازِ عید کے اجتماعات کے لیے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت 26 ہزار 500 مساجد، امام بارگاہوں، 900 کھلے عید کے اجتماعات پر 40 ہزار افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ لاہور میں نمازِ عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سیکیورٹی پر 6 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ 498 اسپیشل پولیس، 260 کیو آر ایف ٹیمیں بھی سیکیورٹی پر تعینات ہوں گی، اس کے علاوہ 13249 میٹل ڈکٹیٹرز، 217 واک تھرو گیٹس اور 4475 سی سی ٹی وی کیمرے نماز عید سکیورٹی انتظامات کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر کی 227 مویشی منڈیوں کی سیکیورٹی کے فرائض 3 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے، مساجد اور امام بارگاہوں کی چھتوں پر اسنائپرز اور سادہ لباس میں کمانڈوز کو تعینات کیا جائے۔

انہوں نے عید کی تعطیلات کے دوران پارکوں اور تفریحی مقامات کی سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

لاہور پولیس نے عید الاضحیٰ پر سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا

لاہور پولیس نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔

پنجاب کے شہر لاہور میں نماز ِعید کی سیکیورٹی کے لیے 06 ایس پیز، 22 ایس ڈی پی اوز، 83 ایس ایچ اوز، 480 اپر سبارڈنیٹس سمیت 06 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

عید پر سیکیورٹی کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا احکامات جاری کیے؟

سی سی پی او لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ پولیس مساجد، امام بارگاہوں اور نمازِعید کے اجتماعات کی حفاظت کے لیے پر عزم ہے، نمازِ عید کے اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ نمازیوں کی سیکیورٹی کے لیے مساجد اور عید گاہوں کے باہر میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گئے۔

بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ عید ِقرباں کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، شہر کی داخلی و خارجی پولیس چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ یقینی بنائی جائے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلدیاتی ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔

lahore

punjab

lahore police

security plan

Eid ul Azha

eid ul adha

Eid Ul Adha 2024

eid ul adha security