Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس: آئی ایس آئی، ایم آئی کے سیکٹر کمانڈر و دیگر طلب

جسٹس محسن اختر کیانی نے آئندہ سماعت براہ راست نشر کرنے کا حکم دے دیا
شائع 24 مئ 2024 07:38pm
فوٹو۔۔فائل
فوٹو۔۔فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے کیس میں لاپتہ افراد کے تمام مقدمات براہ راست نشر کرنے کا حکم دیتے ہوئے 29 مئی کو وفاقی وزیرقانون، سیکٹر کمانڈر انٹرسروسز انٹیلیجینس (آئی ایس آئی)، ملیٹری انٹیلیجینس (ایم آئی)، ڈائریکٹر انٹیلیجینس بیورو(آئی بی)، سیکریٹری دفاع اور داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی نے 8 صحفات پر مشتمل تحریری حکم نامہ اردو زبان میں جاری کیا۔

عدالت عالیہ نے اپنے تحریری حکم نامے میں لاپتہ افراد کے تمام مقدمات براہ راست نشر کرنے کا حکم دے دیا۔

تحریری حکم نامے کے مطابق انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے سیکٹر کمانڈر اور ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کو 29 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا، عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو بھی طلب کرلیا، اس کے علاوہ وزیر قانون اور سیکرٹری قانون کو بطور عدالتی معاون طلب کیا گیا۔

عدالت کی اٹارنی جنرل کو لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کیلئے24 مئی تک کی مہلت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ مغوی اگر آئندہ تاریخ سے قبل بازیاب ہوجائے تو رجسٹرار آفس کو تحریری رپورٹ پیش کی جائے۔

پیمرا پابندی کے باوجود جسٹس محسن اختر کیانی نے الیکٹرانک میڈیا کو احمد فرہاد کیس کی رپورٹنگ کی اجازت دے دی۔

تحریری حکم نامے کے مطابق صحافی حامد میر نے پیمرا کے الیکٹرانک میڈیا پر پابندی کے نوٹیفکیشن سے متعلق بتایا، اٹارنی جنرل نے وضاحت کی کہ عدالت جس کیس میں مناسب سمجھے رپورٹنگ کا حکم دے سکتی ہے۔

تحریری حکمنامے کے مطابق مقدمہ اہم نوعیت کا ہے، پاکستانی عوام میں کافی تشویش ہے اس لیے عدالت رپورٹنگ کی اجازت دیتی ہے، ایس ایس پی اور ایس ایچ او نے بتایا کہ آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر کا بیان قلمبند نہیں کیا گیا، عدالت تفتیشی افسر کو پابند کرتی ہے کہ سیکٹر کمانڈر کا 161 ضابطہ فوجداری کے تحت بیان قلمبند کرے، تفتیشی افسر اپنی تحقیقات اور تفتیش عمل میں لائے۔

جسٹس محسن اختر کیانی کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ لاپتہ شاعر اب تک بازیاب نہیں ہو سکا، اٹارنی جنرل کے مطابق وہ احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں، انہوں نے احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔

درخواست گزار وکیل کے مطابق گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل کی جانب سے بازیابی کی ضمانت دی گئی تھی، ریاستی ادارے مغوئی کو بازیاب کرانے میں ناکام ہو چکے ہیں، مغوی کی جان کو مزید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔

![. ](شاعر اغوا کیس میں سیکریٹری داخلہ اور دفاع طلب، اس کے بعد وزیراعظم کا بلاؤں گا، جسٹس محسن اختر کیانی)

درخواست گزار وکیل کے مطابق ریاستی ضمانت پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا،پولیس کے مطابق جیو فینسنگ کر لی گئی ہے، جلد متعلقہ جگہ اور لوگوں تک پہنچنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔

آج کی سماعت کا احوال

بی بی سی اردو کے مطابق احمد فرہاد گمشدگی کیس میں مغوی شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست کی سماعت میں ایس پی آپریشنز کوسیکٹر کمانڈر کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے ہیں کہ’اب ایجنسیز کہیں چھپ کر نہیں بیٹھیں گی۔’ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت براہ راست نشر کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 21 مئی کو اٹارنی جنرل کو لاپتا شاعراحمد فرہاد کی بازیابی کے لیے 24 مئی تک کی مہلت دی تھی جو آج ختم ہو رہی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے 21 مئی کو شاعر احمد فرہاد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی، احمد فرہاد کی اہلیہ کی وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

گزشتہ سماعت میں اٹارنی جنرل نے عدالت سے 4 روز کی مہلت مانگی تھی اور استدعا کی تھی کہ مجھے مغوی کی بازیابی کے لیے وقت دیا جائے۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کو شاعر احمد فرہاد کو 4 دن میں بازیاب کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 مئی جمعہ تک کے لیے ملتوی کی تھی۔

Islamabad High Court

missing person

poet farhad shah kidnapped