Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گندم بحران: کسان اتحاد کا 10 مئی سے احتجاج شروع کرنے کا اعلان

احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں پھیلائیں گے، اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، خالد کھوکھر
شائع 05 مئ 2024 06:39pm

کسان اتحاد نے گندم بحران پر 10 مئی سے ملتان سے احتجاج شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا کہ مافیا نے گندم اسمگل کرکے پیسہ کمایا، گندم اسمگل کرنے والوں کو پورا سسٹم سپورٹ کرتا ہے، ہمارے پاس 44لاکھ ٹن گندم موجود ہے،ایشو یہ ہے کہ تمام فیصلے بدنیتی پر کیے گئے۔

چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ 44 لاکھ میٹرک ٹن موجودگی کے باوجود گندم درآمد کی گئی، گندم کی درآمد کے لیے ایک ارب ڈالر کا زرمبادلہ باہر گیا، مافیا نے نجی سیکٹر کو فائدہ پہنچانے کے لیے یہ سب کیا۔

حکومت پاسکو کے تحت 1.8 ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے پر رضامند

خالد کھوکھر نے مزید کہا کہ کم قیمت ملنے پر کسانوں کا 400 ارب روپے کا نقصان ہوا، گندم فروخت نہ کرنے پر حکومت کو ڈیڑھ سو ارب روپے کا نقصان ہوا، مافیا پہلے اسمگلنگ کرتے ہیں پھر امپورٹ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشت کار اپنا پیسہ بیرون ملک لے کر نہیں جاتا، پیسہ نہیں ہوگا تو کپاس اور چاول کی کاشت کیسے کریں گے؟ اس وقت کسان بہت مشکل میں ہے، کسان 24 گھنٹے کام کرتا ہے مگر اس کو کچھ نہیں ملتا، کسان اس وقت جس تکلیف میں ہے بیان نہیں کر سکتا، کئی بار کہہ چکے ہیں آزادانہ ایگری کلچر کمیشن بننا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم کے کاشتکاروں کے پاس فیصلے نہیں ہوں گے تو اگلی فصلوں پر انویسٹمنٹ کیسے کریں گے،ہم نے ہر چیز بلیک میں خریدی،اوپر جو بیٹھے ہیں وہ صحیح فیصلے نہیں کرتے۔

چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ کسان نے یوریا پر 150ارب روپے سے زائد ادا کیا ہے، آج بھی یوریا بلیک میں فروخت ہورہار ہے، گندم کا بحران پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،گندم درآمد کرنا سب سے بڑا اسکینڈل ہے۔

کسان اتحاد نے پنجاب بھر میں احتجاج کی کال دے دی

خالد کھوکھر نے مزید کہا کہ گندم درآمد کرنے کا فیصلہ صرف مال بنانے کے لیے کیا گیا، گندم امپورٹ کرنے والے کرداروں کو کڑی سے کڑی سزادی جائے، گندم امپورٹ کرنے والوں نے اپنی بوٹی کے لیے پورا اونٹ ذبح کر دیا، صرف کرپشن کی خاطر 6 کروڑ کاشت کاروں کو ذبح کردیا گیا، معلوم تھا کہ دسمبر میں گندم کی بمپر فصل آرہی ہے، پنجاب کے کسان سو نہیں پا رہے، پوری رات رو روکر گزار رہے۔

گندم نہ خریدی تو اگلے سال کسان گندم کاشت نہیں کرے گا، چئیرمین کسان اتحاد

چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا کہ گندم امپورٹ کرنے والے کرداروں کو پھانسی لگانی چاہیئے۔

خالد کھوکھر نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کا علامتی نماز جنازہ ادا کریں گے، احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں پھیلائیں گے، ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، 10 مئی سے ملتان سے احتجاج کا آغاز کررہے ہیں۔

wheat price

lahore

press conference

Farmers

Wheat

Farmers Protest

low price wheat

Purchase of wheat

Kissan Ittehad

Kissan

Wheat Crisis

Wheat Import

khalid khokhar

Kisan Alliance