Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت کا پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں نئے گورنرز تعینات کرنے کا فیصلہ

یپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے پھر اپنے امیدوار تبدیل کرلیے
شائع 03 مئ 2024 08:30pm

وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی نے معاہدے کے تحت پنجاب میں سردار سلیم حیدر، خیبرپختونخوا میں فیصل کریم کنڈی اور بلوچستان میں جعفر مندو خیل کو گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں گورنرز کی تعنیاتی کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے پھر اپنے امیدوار تبدیل کرلیے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نئے گورنرز کی تقرری کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو شہباز شریف نے اُن کا استقبال کیا اور ظہرانہ بھی دیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی جبکہ گورنرز کی تقرری پر بھی مشاورت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے مختلف نام تجویز کیے جن میں سے 2 صوبوں میں پیش کیے گئے ناموں کی وزیراعظم نے منظوری دی۔

ملاقات میں فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا، جعفر مندو خیل کو بلوچستان کا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ کی گورنری کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا اور کامران ٹیسوری بطور گورنر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

اس کے علاوہ پنجاب میں بلاول بھٹو کی تجویز پر سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سردار سلیم حیدر

پاکستان پیپلز پارٹی نے رہنما سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، سردار سلیم حیدر اور ندیم افضل چن شامل تھے۔

پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت نے سردار سلیم کو گورنر پنجاب بنانے کی تجویز دی جس کی چیئرمین پیپلزپارٹی نے منظوری دے دی۔

سردار سلیم حیدر کا بطور گورنر پنجاب آج رات نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔

آج نیوز سے گفتگو میں سردار سلیم حیدر نے گورنر پنجاب لگائے جانے کی تصدیق کردی۔

یاد رہے کہ گورنر پنجاب کے لیے نامزد ہونے والے سلیم حیدر خان کا تعلق اٹک سے ہے اور وہ سابق وفاقی وزیر بھی رہے ہیں، اس کے علاوہ وہ پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔

سردار سلیم حیدر خان معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز بھی رہ چکے ہیں، وہ وزیر مملکت برائے دفاع اور دفاعی پیدوار بھی رہ چکے ہیں۔

سردار سلیم حیدر خان 2008 میں اٹک سے این اے59 سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔

فیصل کریم کنڈی

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی جلد گورنر کی تعیناتی کا فیصلہ کرلیا گیا، پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

فیصل کریم کنڈی کو پیپلز پارتی کی قیادت نے کراچی مدعو کر لیا۔

فیصل کریم کنڈی کے بھائی احمد کنڈی نے آج نیوز سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گورنر خیبر پختونخوا کے لیے فیصل کریم کنڈی کا نام فائنل ہے۔

فیصل کریم کنڈی پیپلز پارٹی کے دورہ حکومت میں ڈپٹی اسپیکر تھے اور اب پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں الیکشن کمیشن علی امین گنڈاپور نے شکست دی تھی جبکہ وہ 2008 سے 2013 تک ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی رہے ہیں۔

جعفر مندوخیل

مسلم لیگ ن کے جعفر مندوخیل کو بلوچستان کا گورنر نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جعفر مندوخیل کو بلوچستان کا گورنر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہ مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر ہیں۔

مسلم لیگ کی مرکزی قیادت نے شیخ جعفر مندوخیل کو گورنر بنانے کی منظوری دے دی ۔

جعفر مندو خیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے مجھ سے رابطہ کیا، اور مجھے گورنر نامزد کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کیا۔

جعفر مندو خیل کا کہنا ہے کہ صوبے اور وفاق کے درمیان ترقی اور خوشحالی کے لیے پل کا کردار ادا کروں گا۔

جعفر مندوخیل 26 دسمبر 1956 کو ژوب میں پیدا ہوئے ۔وہ 2023 میں مسلم لیگ ن کے صدر نامزد ہوئے تھے۔

lahore

PPP

peshawar

governor punjab

governor kpk

Pakistan People's Party (PPP)

faisal kareem kundi

sardar saleem haider