Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پرویزالہیٰ کی درخواست ضمانت خارج، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی منظور

اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا
شائع 27 مارچ 2024 03:47pm

اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں نامزد سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کی ضمانت خارج کردی جبکہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 9 مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے تھانہ شادمان حملہ کیس میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

صنم جاوید کی جانب سے شکیل پاشا ایڈووکیٹ اور رانا عبد المعروف خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ خواتین 9 مئی واقعات میں ریاست مخالف سازش کا حصہ ہیں ، استدعا ہے عدالت خواتین ملزموں کی ضمانت خارج کرنے کا حکم دے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تھانہ شادمان حملہ کیس میں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دونوں خواتین ملزمان صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کرلی۔

دوسری جانب جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنما احمر رشید بھٹی سمیت 31 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 106 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، عائشہ علی بھٹہ اور احمر رشید بھٹی سمیت دیگر ملزمان کی وکلاء پیش ہوئے۔

عدالت نے ملزمان کو 2،2 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے دیگر ملزمان کی ضمانتوں پر سماعت 29 مارچ تک ملتوی کر دی ۔

پرویزالہیٰ سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت خارج

دوسری جانب اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں نامزد سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت خارج کردی۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے پرویز الہیٰ اور محمد خان بھٹی کی ضمانت خارج کردی۔

عدالت نےگزشتہ روز وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، دونوں ملزمان نے ضمانت بعد از گرفتاری دائر کررکھی تھی۔

punjab assembly

Chaudhry Pervaiz Elahi

sana javed

Pervaiz Elahi

Anti Corruption Court

jinah house attack

MAY 9 RIOTS

Aliya Hamza

9 May Cases