Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عوام رشوت مانگنے والے کا سر پھاڑدیں، علی امین گنڈا پور کی انوکھی تجویز

پشاور ہائیکورٹ نے نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن کو وزیر اعلی خیبرپختونخوا کیخلاف کارروائی سے روک دیا
شائع 20 مارچ 2024 03:25pm

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عوام رشوت مانگنے والے کا سر پھاڑدیں اور میرا نام لیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا ڈی آئی خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو رشوت خور افسروں سے نمٹنے کی انوکھی تجویز پیش کردی۔

علی امین گنڈاپور نے عوام سے کہا کہ آپ سے کوئی رشوت طلب کرے تو اس کا سر پھاڑ دیں جب کوئی آپ سے پوچھے تو میرا نام لیں، کوئی ہم سے نہیں پوچھ سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام غیرت کریں اور رشوت خور کو موقع پر سزا دیں، رشوت لینے والا اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں، عوام نہ خود جہنمی بنیں نہ مجھے بننے دیں۔

الیکشن کمیشن کو علی امین گنڈا پور کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن کو وزیر اعلی خیبرپختوںخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔

الیکشن کمیشن نے اثاثے ظاہر نہ کرنے کے پیش نظر نااہلی کے لیے شکایت پر وزیراعلیٰ خیبرپختوںخوا علی امین گنڈا پور کو 26 مارچ کو طلب کررکھا تھا جس کے خلاف علی امین نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے علی امین گنڈا پور کی درخواست پر سماعت کی۔

علی امین گنڈا پور کے وکلاء سکندر شاہ ایڈووکیٹ اور عالم خان ایدنزئی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ علی امین کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے اور حلف بھی لے چکے ہیں، جس پر جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ ابھی تو کچھ نہیں ہوا بلکہ صرف نوٹس جاری ہوا ہے۔

وکلاء نے کہا کہ دراصل انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس کارروائی کا اختیار نہیں کیونکہ کاغذات نامزدگی کے وقت اعتراض کا موقع تھا لیکن اس وقت کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔

جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ اب تو سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آیا کہ کسی ادارے کے پاس کسی کو صادق و امین قرار دینے کا اختیار نہیں، جس پر وکلاء نے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی علی امین کی حمایت میں ہے۔

عدالت نے الیکشن کمشن کی کارروائی پر حکم امتناع جاری کرکے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روک دیا جبکہ الیکشن کمیشن سمیت نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

خیبر پختونخوا

peshawar

cm kpk

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

CM KP