Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے پر سینیٹ انتخابات رکوانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

عدالتی فیصلہ آنے تک سینٹ انتخابات پر حکم امتناعی جاری کیا جائے، درخواست گزار کی استدعا
شائع 19 مارچ 2024 02:04pm

لاہورہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے پر سینیٹ انتخابات رکوانے کے لیے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے پر سینیٹ انتخابات رکوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مخصوص نشستوں کا معاملہ عدالت میں ہونے کے باوجود سینٹ انتخابات کا شیڈول جاری ہوچکا، جیتنے والے امیدواروں کے حساب سے مخصوص نشستیں سیاسی جماعت کو ملنا آئینی تقاضا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، دیگر سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں دینے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے، عدالتی فیصلہ آنے تک سینٹ انتخابات پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

عدالت نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے پر سینٹ انتخابات رکوانے کے لیے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ مخفوظ کرلیا۔

Senate election

Lahore High Court

reserved seats

justice ali baqar najafi

Sunni Ittehad Council

women reserved seats