پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے، اب مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام باہر نکل آئے گی۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے، الیکشن جھوٹے ہوئے، اداروں کی ساکھ ختم کر دی گئی، سیکیورٹی تھریٹ کا کہا جا رہا ہے یہ بھی جھوٹ ہے، سارا ملک جھوٹ پر چل رہا ہے۔
عمران خان ںے کہا کہ ادارے تباہ ہو چکے ہیں، انتخابات میں پی ٹی آئی کو میدان میں نہیں آنے دیا گیا، ووٹر نے پولنگ ڈے پر ان سے بدلہ لیا لیکن ووٹ کے ذریعے تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا گیا، انہوں نے مینڈیٹ چھین کر قوم کی امید ختم کر دی ہے۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میری ساری پیش گوئیاں سچ ثابت ہوئیں اب بتا رہا ہوں پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے، اب مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام باہر نکل آئے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی ڈیل کی بات نہیں ہو رہی وکلاء تک سے ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہمارا پُرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، ہم انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پھر پیسہ چلنے والا ہے، گزشتہ سینیٹ انتخابات میں گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا تھا آج تک اسے سزا نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں
عمران خان سے ملاقات کی اجازت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ
Comments are closed on this story.