Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سب کی وزیراعلیٰ ہوں، دل میں کسی کے لیے کوئی بدلے کاجذبہ نہیں، مریم نواز

سب کے ساتھ مل کر ٹیم کی طرح کام کرنا چاہتی ہوں، نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب
اپ ڈیٹ 26 فروری 2024 02:54pm

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے لیے میرے دل اور چیمبر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، سب کے ساتھ مل کر ٹیم کی طرح کام کرنا چاہتی ہوں، میرے دل میں انتقام اور بدلے کا کوئی جذبہ نہیں، امتحانات اور قیدی تنہائی سے گزر کر یہاں پہنچی ہوں، اپوزیشن ارکان کا ایوان میں موجود نہ ہونا افسوسناک ہے، مشکلات کے باوجود ہم نے میدان خالی نہیں چھوڑا، میں سب کی وزیراعلیٰ ہوں، دل میں کسی کے لیے کوئی بدلے کا جذبہ نہیں۔

پنجاب اسمبلی سے پہلا خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سب سے پہلے منتخب ہونے پراللہ کا شکرادا کرتی ہوں، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں، امید کرتی ہوں یہ ایوان جمہوریت کے پرچم کو بلند رکھیں گا، افسوس ہے آج اپوزشین نے ایوان کا بائیکاٹ کیا، ہم پر بھی مشکل وقت آیا تھا، جو کافی لمبے عرصے تک رہا، ہم نے اپنے مشکل وقت میں بھی کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا۔

مریم نواز نے کہا کہ سب کا شکریہ جنہوں نے مجھے ووٹ دیا، اپوزیشن سے کہتی ہوں میرے دل اور چیمبر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، نوازشریف، شہبازشریف اور پوری جماعت کا شکریہ ادا کرتی ہوں، پیپلزپارٹی، آئی پی پی، ق لیگ اورمسلم لیگ ضیا کی شکر گزار ہوں جنہوں نے ووٹ دیا، میں صرف مسلم لیگ ن کی نہیں آپ سب کی وزیراعلیٰ ہوں۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے اس منصب کے لیے نامزد کیا، میرے دل میں کسی کے لیے کوئی بدلے کا جذبہ نہیں، اپنے مخالفین کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ ہر مشکل سہنے کے لیے تیار کیا،میری فتح ہر خاتون، ہر بیٹی اور ہر ماں کی فتح ہے۔

اپنے خطاب کے دوران مریم نواز نے اپنی مرحوم والدہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ کہاکرتی تھی کہ زندگی آسان نہیں، انہوں نے سکھایاکہ کس طرح حوصلے سے کام کرتے ہیں، میرے لیے باعث فخر ہے جو آج اس کرسی پر ہوں جہاں پہلے نوازشریف ہوا کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری ترجیح نوجوان ہوں گے، میرے لیے اعزاز ہے کہ اس کرسی پر پنجاب کے خادم اعلیٰ شہبازشریف بھی بیٹھ چکے، شہبازشریف کی کارکردگی کا اعتراف صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کرچکی ہے، میرا مقابلہ کسی مخالف سے نہیں ، میرا مقابلہ میری جماعت کے اندر بیٹھے لوگوں اوران کی کارکردگی سے ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ آج سے پہلے میری شناخت ایک سیاسی کارکن کے طور پر تھی، آج بطور وزیراعلیٰ پنجاب اس ایوان میں بیٹھ تمام افراد قابل احترام ہیں، امید کرتی ہوں کہ سیاسی تفریق سے بالا تر ہو کر تمام اراکین اسمبلی میرا ہاتھ مضبوط کریں گے، تمام اپوزیشن اراکین سے کہتی ہوں میں ہر حلقے کے مسائل کے لیے آپ سے معاونت کروں گی، آج سے اپنے منشور پر عمل درآمد شروع کروں گی، میری ترجیح ہوگی کے عوام کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے، بزنس کمیونٹی کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے، کرپشن کے لیے زیرو ٹولرینس ہوگی، ہم عوام کے خادم ہے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان ریلیف پیکج کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو راشن ان کی دہلیز تک پہنچایا جائے گا۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے سستے رمضان بازار لگانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ہی پرائس کنٹرول اتھارٹی کےساتھ اجلاس شروع کررہی ہوں، 60ہزار سے کم آمد والے مستحق ہیں ان کی مدد ہم پر فرض ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان طلبا کو بیرون ملک تعلیم کے لیے بھیجیں گے، طلبا کو لیپ ٹاپ، آئی پیڈز دیے جائیں گے، گھر بیٹھے افراد کو کاروبار کے مواقع فراہم کریں گے، نوجوان کو 25 ہزارماہان وظیفہ دیا جائے گا، خواب ہے کہ پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی سے اسکول سے باہر نہ ہو۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ غریب کا بچہ مفت پڑھے گا، پنجاب میں پورا اسکول ٹرانسپورٹ سسٹم بنائیں گے، اسکول کے نصاب کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا، بھٹے پر موجود بچوں کی مدد کریں گے، آج سے تمام ایمرجنسی میں فری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، اگلے 20 دنوں میں پنجاب کی پہلی ایئرایمبولنس شروع کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا ہیلتھ کارڈ جو2015 میں بناتھاوہ ایک بارپھر بحال ہوگا، نوجوانوں کے لیے یوتھ لون پروگرام کا آغاز کررہی ہوں، ورکنگ ویمن ہاسٹل بنائے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ روز خاتون اہلکار نے جس طرح ایک خاتون کی جان بچائی،شاباشی دیتی ہوں، خواتین کو مالی طور پر مضبوط کروں گی، ٹرانس جینڈر کو روزگار اور دیگرسہولیات فراہم کی جائیں گی، اقلیتوں کے لیے محفوظ پنجاب بناؤں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم ڈیجیٹل پنجاب بنائیں گے، ہم بلاسود قرضے فراہم کریں گے، چاہتی ہوں کے پنجاب میں آئی ٹی سی ٹیز بنے، غیر ملکی آئی ٹی کمپنیز کو پاکستان لاؤں گی، لاہور میں فری وائے فائے کی سہولت فراہم کروں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں ایک لاکھ مفت گھر بنائیں گے، بہت جلد ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کریں گے، ماحولیات کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی توجہ ہوگی، کابیابی اللہ کے ہاتھ میں ہےپرانسان کے ہاتھ میں محنت ہے جو میں کروں گی، 5 سال بعد ایک بہتر پنجاب دے کرجائیں گے۔

cm punjab

Maryam Nawaz

lahore

punjab assembly