وزیر اعلیٰ کی تضحیک کی گئی تو جواب دیں گے، عظمیٰ بخاری
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی ہے، مریم نواز ایک مختلف وزیراعلیٰ ہوں گی، ان کی تضحیک کی گئی تو جواب دیں گے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 26 فروری پاکستان اور پنجاب کے لیے اہم دن ہے، ایوان سے منتخب ہونے کے بعد مریم نواز روڈ میپ عوام کو دیں گی، عوام کی خدمت کے لیے مریم نواز کی قیادت میں کام کریں گے اور عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کے بعد ایک انقلابی پروگرام عوام کے سامنے پیش کریں گی، ان کے حلف اٹھانے کے 5 منٹ کے بعد چیزوں پر عمل درآمد ہوتا نظر آئے گا، مریم نواز کا خطاب خواہ مخواہ نہیں بلکہ کئی ماہ کی محنت موجود ہے۔
ن لیگ کی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے لوگوں کی مشکلات ختم کرنے کی پوری کوشش کریں گے، ہم نے تو ہمیشہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی ہے، ہم نے کبھی رولز کو پار نہیں کیا، ہم نے کبھی ڈپٹی اسپیکر کے بال نہیں نوچے، نہ دھینگا مشتی کی، ہم پر جو تنقید کرے گا تو اپنی اصلاح کریں گے لیکن اگر وزیراعلیٰ کی تضحیک کی جائے گی تو جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی وزیر اعلیٰ نے وقت ہاؤس کو نہیں دیا، وہ پہلا ووٹ ڈالنے سے پہلے اور آخری ووٹ تک ہاؤس میں موجود رہیں، ہماری وزیر اعلیٰ ہر فورم پر نظر آئیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حمزہ شہباز قومی اسمبلی جا رہے ہیں وہاں وہ حلف لیں گے، اسلم اقبال اگر نفری سے ڈرتے تو فرعون نہ بنتے، ایسے کام نہیں کرنے چاہئیں جس پر پچھتانا پڑے، بہت ساری قانون سازی رکی ہوئی ہے، مریم نواز ایک مختلف وزیر اعلی ہوں گی، کام کرنے کا اسٹائل مختلف ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمارے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہوگا، جن لوگوں نے 9 مئی کا واقعہ کیا وہ سیاسی قیدی نہیں، مال غنیمت سمیٹنے، کور کمانڈر ہاؤس جلانے والوں کو معاف کرنے کی قانون میں گنجائش نہیں، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو کوئی بھی معاف نہیں کرے گا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اسمبلی میں اقدار کی پامالی نہیں کی، ہمیں اپنا تحفظ اور جواب دینا اچھے طریقے سے آتا ہے، وزیر اعلیٰ کی تضحیک کی جائے گی تو جواب دیں گے، مریم نواز کی قیادت میں بچیوں پر تیزاب گردی کے واقعات ختم کریں گے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز روایتی وزیراعلیٰ نہیں ہوں گی، ان کی سوچ مختلف ہے، آپ کو کام ہوتا نظر آئے گا، مریم نواز عام آدمی کی زندگی میں بہتری لائیں گی، مہنگائی کم اور روزگار فراہم کرنا ہمارا منشور ہے۔
Comments are closed on this story.