Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

این اے 46، 47 اور 48 میں مبینہ دھاندلی کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواستیں نمٹا دیں

اسلام آباد کے 3 حلقوں کے انتخابی نتائج کیخلاف درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری
شائع 16 فروری 2024 03:26pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تینوں حلقوں این اے 46، 47 اور 48 کے انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں، عدالت نے ہدایات کے ساتھ تینوں درخواستیں نمٹائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں حلقہ این اے 46، 47 اور 48 کے انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے معاملہ الیکشن کمیشن کے حوالے کر دیا، الیکشن کمیشن کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت جاری کر دیں۔

3 حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے 3 حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے جاری کردہ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن میں درخواستیں زیرالتواء ہوتے ہوئے ہائیکورٹ کی مداخلت مناسب نہیں۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن واپس لینے کی استدعا کی جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن درخواستوں پر فیصلہ کرے گا، وکیل نے کہا کہ فیصلے کے مطابق قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ مناسب رہے گا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کی درخواستوں پر فیصلہ کرے۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس سے قبل درخواستوں پر فیصلہ کرے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ درخواستیں منظور ہونے کی صورت میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشنز واپس لیے جائیں۔

واضح رہے کہ شعیب شاہین نے این اے 47، علی بخاری نے این اے 48 اور عامر مغل نے این 46 کے نتائج چیلنج کئے تھے۔

اسلام آباد

Islamabad High Court

Shoaib Shaheen

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

aamir mughal

Pakistan Elections 2024

ali bukhari