Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کی امریکا کو الیکشن میں مداخلت کی دعوت ملکی خودمختاری کیخلاف ہے، مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی نے جعلی فارم 45 بنائے، انٹرنیشنل میڈیا پر جھوٹ بول رہے ہیں، ن لیگی رہنما
اپ ڈیٹ 16 فروری 2024 07:41pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جعلی فارم 45 بنائے، تحریک انصاف انٹرنیشنل میڈیا پر جھوٹ بول کرجعل سازی کررہی ہے، یہ جیت کربھی دھاندلی کا الزام لگارہے ہیں، امریکا کو ملکی انتخابات میں مداخلت دعوت پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہے، عمران خان نے کہا ہے آؤ امریکا میری مدد کرو، ان کا ’’ایبسلوٹلی ناٹ‘‘ ؟ ’’ہم غلام نہیں ہیں‘‘ کا نعرہ کہاں گیا؟۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مہم چلائی گئی کہ الیکشن نہیں ہورہے، ن لیگ بھاگ رہی ہے جبکہ یہ الیکشن ہمارے لیے اہم تھا کیوں کہ 2013 کے بعد اصلی الیکشن ہورہا تھا، الیکشن میں صبح سے شام تک کسی جماعت نے اعتراض نہیں اٹھایا، الیکشن کی کارروائی پر کہیں سے کسی نے کوئی سوال نہیں اٹھایا، ان لوگوں نے فارم 45 پہلے مارکیٹ میں فلوٹ کیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پہلے فارم 45 پھیلائے گئے، ابھی فارم 45 مرتب کیے جارہے تھے تو پہلے ہی ٹی وی پر چلنے لگے، میڈیا کو بتاتی رہی کہ جو ٹی وی پر فارم 45 چل رہے ہیں وہ غلط ہیں، ایک وائٹ پیپر ہم بھی تیار کررہے ہیں۔

ن لیگ کی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن پر اسکرین شاٹس جمع کرائے گئے جو اصلی فارم 45 نہیں، ہمارے پاس جو فارم 45 ہیں وہ جعلی، ٹی وی پر اصلی ہیں تو ایسا نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن ویب سائٹ پر جو فارم 45 اپ لوڈ ہوتا ہے وہ اصل ہوتا ہے، میڈیا پر بات کررہے ہیں کہ ہمارے فارم 45 ٹھیک ہیں اور ان کےغلط ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن میں یہ فارم 45 جمع کرائیں گے تو جعلی ثابت ہوجائیں گے، یہ نہیں ہوسکتا کے پی کے فارم 45 اصلی اور باقی جعلی ہیں، اب یہ کہتے ہیں امریکا مداخلت کرے، امریکا کیا کرے گا؟ بقول آپ کے امریکا نے تو سازش کرکے آپ کی حکومت گرائی تھی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ صرف ملک میں ناکام سازش کو دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں، آپ کے پاس لیگل فورمز موجود ہیں وہاں جائیں، یہ انٹرنیشنل میڈیا پر جھوٹ بول کر جعلسازی کررہے ہیں، یہ جیت کر بھی دھاندلی کا الزام لگارہے ہیں، انہوں نے میڈیا میں بیٹھے چند عناصر کو استعمال کرکے جھوٹا بیانیہ بنایا، ہمارے پاس بندروں والی پٹاری نہیں جوجب چاہے شروع ہوجائے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے امریکا سے مداخلت کے مطالبے کا حوالہ دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے یہ کہنا آؤ امریکا میری مدد کرو، اب وہ ’’ایبسلوٹلی ناٹ‘‘ کہاں گیا؟ ’’ہم غلام نہیں ہیں‘‘ کہاں گیا؟ اس طرح کسی ملک کو دعوت دینے کا کیا مطلب ہے؟ یہ امریکن ایجنٹس ہیں انہیں فنڈنگ آتی ہے اور کارکردگی نہ دکھائی تو کیا جواب دیں گے امریکا کو اسی لیے یہ شور مچارہے ہیں؟

الیکشن میں ناکامی پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے جعلسازی کا الزام میڈیا پر لگاتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں بیٹھے چند عناصر کو استعمال کرکے انہوں نے جھوٹا بیانیہ بنایا، انہوں نے میڈیا کا استعمال کیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ہم سب کے لیے قابل احترام ہیں، مولانا صاحب کو میں جانتی ہوں اتحاد مجھے ہوتا نظر نہیں آرہا، درخواست ہے عالمی میڈیا پی ٹی آئی سے فارم 45 کا تقاضا کرے۔

بیرونی طاقتوں کی مدد، منصوبہ بندی سے نتائج توڑ مروڑ کر پیش کیے گئے، عطاء تارڑ

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ باقاعدہ بیرونی طاقتوں کی مدد، منصوبہ بندی سے نتائج توڑ مروڑ کر پیش کیے گئے، پی ٹی آئی نے کے پی میں ڈیجیٹل ٹیررازم کا ایک سیل بنایا جس پر 100ارب خرچ کیے۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ جعلی فارم 45 سوشل میڈیا اور میڈیا کو فراہم کیے گئے، پی ٹی آئی کا کے پی میں سیل سوشل میڈیا پر جعلی فارم 45 پھیلا رہا تھا، کے پی میں شاباشی لے رہے ہیں، پنجاب میں دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی ہونا تھی تو رانا ثناء اللہ، سعد رفیق، جاوید لطیف اور خرم دستگیر ہارتے کے پی کے سوا جہاں ہارے وہاں آپ سمجھتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، فارم 45 سے جو کھلواڑ کیا گیا وہ جمہوریت ڈی ریل کرنے کے لیے کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے عجلت میں فارم 45 تیار کرکے میڈیا پر چلائے، کے پی میں اے این پی امیدوار 27 ہزار اور گوہر خان 10 ہزار ووٹ لے رہے تھے، ان کے جعلی فارم 45 کے تحت میڈیا پر گوہر خان آگے اور اے این پی پیچھے ہوگئی۔

PMLN

Marriyum Aurangzeb

lahore

Maryam Aurangzeb

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

ata tarar

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

FORM 45

election 2024 results

Pakistan Elections 2024

FORM45

FORM45.COM