Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارشد صاحب جسٹ ریلیکس، آپ کو پانی چاہیئے؟ چیف جسٹس کا ڈی جی لاء الیکشن کمیشن سے مکالمہ

عون چوہدری کی کامیابی کیخلاف سلمان اکرام راجہ کی درخواست پر سماعت میں وقفہ
اپ ڈیٹ 15 فروری 2024 11:33am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت میں وقفہ کردیا جبکہ دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈی جی لاء الیکشن کمیشن ارشد خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ارشد صاحب جسٹ ریلیکس، آپ کو پانی چاہیئے؟۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے این اے 128 لاہور میں عون چوہدری کی کامیابی کے خلاف سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق کا الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء سے مکالمہ ہوا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ارشد صاحب مجھے یقین ہے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن سے پہلے آپ سے مشورہ نہیں کیا ہوگا، الیکشن کمیشن میں ان کی درخواست زیرِ التواء ہے تو پہلے اس پر فیصلہ کرلیتے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن ان کی درخواستیں سن کر اگر ان کے حق میں فیصلہ کردیتا ہے تو؟

جس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن ارشد خان نے جواب دیا کہ تو پھر الیکشن کمیشن درستگی کر دے گا۔

سلمان اکرم راجہ کے وکیل نے کہا کہ عدالت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے کیس میں کانسالیڈیشن ہوئی ہی نہیں، الیکشن کمیشن کی معصومیت دیکھیں کہ پہلے نوٹیفکیشن جاری کیا اورپھرخود ہی اسے معطل کردیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ جب لاہورہائیکورٹ نے حکم دیا کہ درخواست گزار کو نوٹس کرکے کانسالیڈیشن کریں، تو کیا ایسا ہوا؟، جس پر ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ میرے علم میں نہیں، میں معلوم کرکے بتا سکتا ہوں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کہا کہ ارشد صاحب جسٹ ریلیکس، آپ کو پانی چاہیئے؟ آپ کمیشن سے ہدایات لے لیں، پھر اس کیس کو 2 بجے کے بعد رکھ لیتے ہیں۔

عدالت نے عون چوہدری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست کی سماعت میں 2 بجے تک وقفہ کردیا۔

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

salman akram raja

awn chaudhry

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results

Pakistan Elections 2024

dg law election commission