Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

علی امین گنڈاپور کا خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کیلئے جماعت اسلامی کے ساتھ رابطہ

وزارت اعلیٰ کیلئےعلی امین کا نام آرہا ہے، سینیٹر ہمایوں مہمند
اپ ڈیٹ 10 فروری 2024 08:21pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کیلئے جماعت اسلامی کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا ہے کہ وزارت اعلی کیلئےعلی امین کا نام آرہا ہے۔ وفاق کیلئے اگر ہم چاہیں تو پی پی سے مل کر حکومت بنا سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے جماعت اسلامی کے پولیٹیکل امور کے انچارج بہراللہ سے رابطہ کیا اور اتحاد کی تجویز دی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے تجویز میں کہا گیا کہ آزاد امیدوار اگر جماعت اسلامی میں شامل ہوجائیں تو اعتراض تو نہیں ہوگا۔

علی امین گنڈا پور نے بھی جماعت اسلامی کے امیرالعظیم کے ساتھ رابطہ کیا اور اتحاد کی تجویز دی۔

جس پر امیرالعظیم نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی باضابطہ طور پر رابطہ کرے تو غور کیا جاسکتا ہے۔

امیرالعظیم نے کہا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت بیٹھ کر اس تجویز پر غور کر سکتی ہے۔

جماعت اسلامی کے پولیٹیکل امور کے انچارج بہراللہ نے بھی اپنی مرکزی قیادت کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونحوا میں متوقع وزیراعلیٰ کے ناموں پر بھی مشاورت جاری ہے، سابق گورنر اور اسپیکر مشتاق احمد غنی متوقع وزیراعلیٰ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتاق احمد غنی خیبرپختونخوا میں پارٹی میں سب سے سینئر سمجھے جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے مشتاق غنی کو گورنر اور اسپیکر بنایا تھا۔

تاہم اس حوالے سے مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ فی الحال اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اور مجھے وزیراعلیٰ بنائے جانے پر مشاورت کی باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں ہوگا، جس میں وزرات اعلیٰ کے لئے علی امین گنڈا پور، مشتاق غنی اور عاقب اللہ کے ناموں پر غور ہوگا، لیکن فائنل فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مشاورت کے بعد ہوگا۔

ہم چاہیں تو پی پی سے مل کر حکومت بنالیں، کے پی وزارت اعلی کیلئےعلی امین کا نام آرہا ہے، ہمایوں مہمند

پی ٹی آئی سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ہماری اکثریت ہے، نوازشریف کی تقریر کی سمجھ نہیں آئی۔

انھوں نے کہا کہ ہم چاہیں تو پی پی سے مل کر حکومت بنالیں لیکن میں مضبوط اپوزیشن بنانے کے حق میں ہوں۔

ہمایوں مہمند نے کہا کہ ہماری تعداد حکومت بنانے والی ہوئی تو ضرور بنانا چاہیے، معاملا صرف حکومت بنانے کا نہیں چلانا بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول نے ن لیگ سے اتحاد کیا تو اپنی سیاست دفن کرلیں گے، خیبرپختونخوا میں ہماری 80 فیصد نشستیں ہیں، وزارت اعلی کیلئےعلی امین کا نام آرہا ہے۔

Jamat e Islami

Arif Alvi

Ali Amin Gandapur

KPK caretaker government

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

KPK Election Results

Pakistan Elections 2024