نواز شریف نے آزاد امیدواروں سے رابطے کیلئے کمیٹی قائم کردی، فضل الرحمان سے بھی رابطہ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حکومت بنانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد امیدوراوں سے رابطے کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے سابق وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات کی۔
شہبازشریف نے آصف زرداری سے ہونے والی ملاقات میں پیش رفت سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔
نواز شریف نے آزاد امیدوراوں سے رابطے کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی میں اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق اور رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کمیٹی کو آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے شہباز شریف کو بھی آزاد امیدواروں سے رابطے کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔
مولانا فضل الرحمان سے رابطہ
ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اورانہیں ملاقات کی دعوت دی۔
ذرائع کے مطابق فضل الرحمان جلد شہباز شریف سمیت ن لیگ کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو مرکزی قائدین کی نشستوں پر فتح کی مبارکبادباد دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف نے تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
اپنے بیان میں نواز شریف نےکہا ہم مرکز اور پنجاب میں اکثریتی جماعت ہیں،شہبازشریف اوراسحاق ڈار آصف زرداری،فضل الرحمان،خالدمقبول سے بات کریں گے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 میں قومی اسمبلی میں آزاد امیدوار سنچری کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں،جہاں مسلم لیگ ن 73 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
Comments are closed on this story.