Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں مکمل، نصف سے زائد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار

پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور فوج کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے، صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان
اپ ڈیٹ 06 فروری 2024 07:33pm

ملک کے دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق صوبے بھر میں 4178 انتہائی حساس جبکہ 5925 حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور فوج کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

انتخابی تیاریوں کے حوالے سے پشاور میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان نے بتایا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 15 ہزار696 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار سے افراداپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق صوبے میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 1,19،44383 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 8373799 ہے، مرد ووٹرز کے لیے 4810، خواتین کے لیے 4287 جبکہ 6600 پولنگ اسٹیشنز مشترکہ طور پر بنائے گئے ہیں۔

شمشاد خان نے میڈیا کو بتایا کہ ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد پولنگ عملے کی تعیناتی اور تربیت کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پولنگ مکمل ہونے پر فارم 45 پر پریذائڈنگ آفیسر نتائج جاری کریں گے، ای ایم ایس آن لائن اور آف لائن دونوں طرح سے کام کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 713 امیدوار اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 1814 امیدوار اس انتخابی معرکے میں شامل ہیں، الیکشن کے لیے 4کروڑ 54لاکھ 40ہزار بیلٹ پیپرز چھاپےگئے ہیں، پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے لیے پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پاک فوج تعینات کی جائے گی۔

صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان کے مطابق الیکشن مہم آج رات ختم ہو جائے گی، انہوں نے ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے 8 فروری کوووٹ دینے کے لیےعوام سے اپنے گھروں سے نکلنے کی اپیل بھی کی ہے، ان کے مطابق برف باری والے علاقوں میں بھی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی الیکشن کمیشن نے قیوم اسٹیدیم، عیدگاہ اور آر او آفس کوہاٹ روڈ میں پشاور کے نتائج کے لیے انتظام کیا گیا ہے، ہر ضلع میں بھی اسی طرح کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، انتہائی حساس قرار دیے گئے 4178 اور 5925 حساس پولنگ اسٹیشن میں پولیس اور فوج کو تعینات کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا

KPK

peshawar

Polling Station

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

shamshad khan