Aaj News

جمعہ, اکتوبر 18, 2024  
14 Rabi Al-Akhar 1446  

پی ٹی آئی نے ’بلے‘ کا نشان واپس لینے کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر کردی

سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے 2423/2024 ڈائری نمبر الاٹ کردیا
اپ ڈیٹ 06 فروری 2024 03:58pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے’ بلے’ کا نشان واپس لینے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کردی۔

تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست سینئر وکلاء حامد خان اور بیرسٹر علی ظفر نے دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت ہائیکورٹ میں شکایت کنندگان کو فریق بنایا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے 2423/2024 ڈائری نمبر الاٹ کردیا۔

درخواست میں سپریم کورٹ سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور بلے کا انتخابی نشان تحریک انصاف کو دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان واپس لے کر اختیارات سے تجاوز کیا، الیکشن کمیشن کا انتخابی نشان واپس لینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بحال کرے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق کروائے گئے، الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخابات کا جائزہ لینے کا اختیار نہیں رکھتا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی نشان واپس لینا ووٹرز کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سیاسی جماعت بنانے اور انتخابات میں حصہ لینے کا حق آئین پاکستان میں ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف کو عام انتخابات سے باہر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد پی ٹی آئی امیدواروں کو دن دیہاڑے اغواء کرتے رہے، کبھی کاغذات جمع کرانے سے روکا گیا تو کبھی تجویز و تائید کنندگان کو گرفتار کیا گیا۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرے، الیکشن کمیشن ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے بجائے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف جیل جا کر کارروائی کر رہا ہے، بلے کا نشان واپس لینے کا معاملہ پورے سیاق و سابق میں دیکھا جانا چاہیئے۔

pti

Supreme Court

اسلام آباد

Supreme Court of Pakistan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI bat symbol

GENERAL ELECTION 2024

pti bat

ptf election