Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

وہ کہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے، یوتھ تو میرے ساتھ کھڑی ہے، نواز شریف

نوازشریف کو خدمت کا موقع ملا تو مری کے گھر گھر میں گیس پہنچائیں گے، مریم نواز
اپ ڈیٹ 05 فروری 2024 07:42pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے، 8 مہینے بعد چیف جسٹس بننے والا استعفیٰ دے کر چلا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) آج مری میں سیاسی پاور شو کررہی ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی جلسہ گاہ میں موجود ہیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ مری میں اتنی سردی کے باوجود بھی لوگ یہاں موجود ہیں، کل میں مری پہنچا راستے میں بہت ٹریفک تھا۔

نوازشریف نے کہا کہ 1985 میں پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا تو پہلا منصوبہ راولپنڈی سے مری روڈ تھا، مری میرا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے لوگ بھی مجھے بہت پیارے ہیں، 1950 میں پیدائش ہوئی تو 1956 میں پہلی بار مری آیا تھا، لاہور کے بعد سب سے زیادہ مری میں رہا ہوں۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب میں وزیراعظم تھا تو عوام کی خدمت کررہا تھا، میں نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک میں بجلی سستی کی، روٹی 4 روپے، گھی 150 روپے اور چینی 50 روپے کلو تھی، سبزیاں 10،10روپے کلو، ڈالر 104 روپے اور پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ نوازشریف کا زمانہ اچھا تھا یا یہ زمانہ اچھا ہے، سونا 50 ہزار روپے تولہ تھا اور آج 2 لاکھ روپے تولہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ نے مجھے کیوں نکالا، جس نے نکالا اچھا کیا یا برا کیا؟ آج وہ خود استعفیٰ دے کر گھر جارہے ہیں، دال میں کچھ کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے، مجھے نکالنے والے چلے گئے ہیں، آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں، مجھے نکال دیا اور اس کو لائے جس نے کہا عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دوں گا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ کٹے، مرغیاں اور انڈے کہاں گئے، بلین ٹری کا جھوٹ بولا، کہا گیا 50 لاکھ گھر دیں گے کسی کو ملا تو بتائیں، ن لیگ پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گی، کہتا تھا کہ پاکستان کی یوتھ ہمارے ساتھ ہے، یہ دیکھو یوتھ تو میرے ساتھ کھڑی ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ ان شاءاللہ ہم مری کے چاروں طرف موٹروے بنائیں گے، میرا منصوبہ اور خواہش ہے اسلام آباد سے مری تک ٹرین لے کر آئیں، اسلام آباد سے مری اور پھر منظفرآباد تک ٹرین چلائیں گے۔

نوازشریف کو خدمت کا موقع ملا تو مری کے گھر گھر میں گیس پہنچائیں گے، مریم نواز

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مری پاکستان کا حسن ہے، مری پنجاب اور نوازشریف کا بھی دل ہے، مری ہر موسم میں سیاحوں کی میزبانی کرتا ہے، ترقی مری کا حق ہے، مری کو یہ حق مل کررہے گا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پورے پاکستان کی طرح مری میں بھی گھس بیٹھیے آگئے تھے، پچھلے کچھ سال میں ٹمبر اور بلڈنگ مافیہ مری میں آگیا تھا، مری والوں نے ٹمبر اور بلڈنگ مافیا کو مار بھگانا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مری والوں کی ساری مشکلات آسان کریں گے، آپ نے نوازشریف کو خدمت کا موقع دیا تو مری کے گھر گھر میں گیس پہنچائیں گے، مری کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنا کر دیں گے، چاہتے ہیں مری میں کالج اور یونیورسٹی بنے، مری میں لوگ سردی سے مررہے تھے بے حس حکمرانوں کے کان پر جوں نہیں رینگی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہاں سے وزیراعظم ہاؤس کتنا دور ہے مگر کوئی نہیں آیا، الیکشن میں جواب مانگنا کہ مری کے لوگ مررہے تھے تو تم کہاں تھے، نوازشریف آتے ہیں تو کاروبار چلتا ہے مزدور کا چولہا جلتا ہے۔

انتخابات کے حوالے سے نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ الیکشن میں 2 دن باقی ہیں، ووٹ سوچ سمجھ کر ڈالنا، ووٹ صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں آپ کی قسمت اور ترقی کا فیصلہ ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Murree

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

pmln jalsa

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024