Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مقابلہ صرف شیر اور تیر کے درمیان ہے، 8 فروری کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، بلاول بھٹو

عوام 8 فروری کو سوچ سمجھ کر تیر پر ٹھپہ لگائیں، چیئرمین پیپلز پارٹی
اپ ڈیٹ 30 جنوری 2024 10:05pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقابلہ صرف شیر اور تیر کے درمیان ہے، 8 فروری کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوجائے گا، جیت تیر کی ہوگی، ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اورغربت بڑھ رہی ہے، پیپلزپارٹی پاکستانی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان آکر بہت خوشی ہورہی ہے، جب بھی ڈی آئی خان آیا عوام نے محبت سے استقبال کیا، شانداراستقبال پر ڈی آئی خان کے عوام کا شکر گزار ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا اور آپ کا رشتہ 3 نسلوں سے چلتا آرہا ہے، ذوالفقار بھٹو نے ڈیرہ اسماعیل خان سے الیکشن لڑا تھا، بے نظیر بھٹو بھی ڈیرہ اسماعیل خان آتی تھیں، آج میں اپنے بہادر بہن بھائیوں کے درمیان کھڑا ہوں، لوگ کہتے تھے بہت سردی ہے انتخابی مہم مشکل ہوگی، آج تو ڈیرہ اسماعیل خان میں سورج نکلا ہوا ہے، سردی بھی کم ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ آج آپ کا جذبہ دیکھ کر نظر آرہا ہے کہ تیروں کی بارش ہوگی، میں عوام کے لیے دن رات محنت کررہا ہوں، پیپلزپارٹی کے جیالے بہادر اور وفادار ہیں، روایتی سیاست دانوں کوعوام کا کوئی احساس نہیں، روایتی سیاست دانوں میں مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ملک میں تاریخی معاشی بحران ہے، ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اورغربت بڑھ رہی ہے، پیپلزپارٹی پاکستانی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی، ملک میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھارہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے سیلاب آیا اور بڑی تباہی ہوئی، ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب متاثرین کی مدد نہیں کی گئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صرف پیپلزپارٹی پاکستان کی غریب عوام کی نمائندگی کرتی ہے، دیگرجماعتیں اقتدارمیں آکر اشرافیہ کو فائدہ پہنچاتی ہیں، قائد عوام نے ہمیں غریب آدمی کی مدد کرنا سیکھایا، حکومت میں آکر تمام کچی آبادیوں کو ریگولائز کروں گا، ملک بھر میں 30 لاکھ گھر بناؤں گا، ڈیرہ اسماعیل خان کی خواتین کے لیے یونیورسٹی بناؤں گا۔

سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ عوامی معاشی معاہدے پر مکمل عمل کیا جائے گا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، خواتین کو بلاسود قرض دیا جائے گا، ڈی آئی خان کی خواتین کی ایک بیٹے کی طرح خدمت کرنا چاہتا ہوں، ہم کسان اور مزدورکارڈ لا کر حقوق دلوائیں گے، ملک بھر میں بھوک مٹاؤ منصوبہ شروع کروں گا، ہماری حکومت میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا، نوجوانوں کے لیے بے نظیر یوتھ کارڈ لائیں گے، نوجوانوں کی مالی مدد کی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اشرافیہ کو دی جانے والی سبسڈی ختم کروں گا، غریب اور متوسط طبقے کو براہ راست سبسڈی دیں گے، سبسڈی عوام کو ملے گی تو ملک ترقی کرے گا، 8 فروری کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوجائے گا، مقابلہ صرف شیر اور تیر کے درمیان ہے، مولانا تو ووٹ کے لیے یہاں آئے ہی نہیں، عوام 8 فروری کو سوچ سمجھ کر تیر پر ٹھپہ لگائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کیا آپ چاہتے ہو کہ وہی شخص چوتھی بار وزیراعظم بن جائے؟ کیا آپ چاہتے ہیں کہ ملک میں کرپشن ہوتی رہے، پیپلزپارٹی نے کبھی بھی انتقام کی سیاست نہیں کی، برسر اقتدار آکر نفرت اور تقسیم کی سیاست ختم کردوں گا، آپ نے 8 فروری کو صرف تیر پر نشان لگانا ہے۔

Bilawal Bhutto

Nawaz Sharif

Bilawal Bhutto Zardari

Dera Ismail Khan

DI Khan

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Jan 30 2024