Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن کے بعد کون کس کے ساتھ ہوگا، بعد میں طے ہوگا، حنا ربانی کھر

پیپلزپارٹی اتنی نشستیں نہیں جیت پائے گی کہ حکومت بناسکے، سینیٹر افنان اللہ
شائع 26 جنوری 2024 10:30pm

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد کون کس کے ساتھ ہوگا، بعد میں طے ہوگا، جنوبی پنجاب میں پیپلزپارٹی کو اچھا رسپانس مل رہا ہے، سینٹرل پنجاب سے بھی سرپرائز دیں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ ہم اپنے پچھلے ریکارڈ پر ووٹ مانگ رہے ہیں، ن لیگ لاہور کی تمام نشستیں نکال لے گی، پیپلزپارٹی اتنی نشستیں نہیں جیت پائے گی کہ حکومت بناسکے۔

حنا ربانی کھر

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ن لیگ کی انتخابی مہم اب جا کر شروع ہوئی، پیپلزپارٹی کافی عرصے سے مہم چلارہی ہے، ہم عوام کے لیے معاشی منشور لائے ہیں، صارفین کو 300 یونٹ تک بجلی مفت ملے گی۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ بلاول بھٹو عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں، الیکشن کے بعد کون کس کے ساتھ ہوگا، بعد میں طے ہوگا، پیپلزپارٹی عوام میں جارہی ہے اور عوام میں موجود ہے، آج ملتان میں پیپلزپارٹی کا بڑا جلسہ ہوا، پیپلزپارٹی پہلے بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام لائی۔

پیپلز پارٹی کی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں پیپلزپارٹی کو اچھا رسپانس مل رہا ہے، پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب سے بھی سرپرائز دے گی۔

عالمی عدالت کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی عدالت کے فیصلے سے اسرائیل پر اثر پڑے گا، عدالت نے ایک ماہ میں اسرائیل سے رپورٹ طلب کی ہے، اسرائیل کے حامی ممالک پر بھی اثر پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہمارے پڑوسی سے غلطی ہوئی، دوبارہ نہیں کرے گا، ہمیں غلطیاں بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔

سینیٹر افنان اللہ

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر افنان اللہ آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو کسی بھی مخالف امیدوار سے فرق نہیں پڑتا، صنم جاوید ہو یا کوئی اور، ہماری تیاری مکمل ہے۔

سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جس کو اجازت دی ہے وہ الیکشن لڑے، ہم اپنے پچھلے ریکارڈ پر ووٹ مانگ رہے ہیں، ن لیگ لاہور کی تمام نشستیں نکال لے گی، ہم اپنی اسٹیٹجی عوام کو دیکھ کر بنائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ن لیگ کے مخالف ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ بلاول زیادہ ووٹ لے سکیں گے، پیپلزپارٹی اتنی نشستیں نہیں جیت پائے گی کہ حکومت بناسکے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی کے حکومت بنانے کا امکان کم ہے، سیف اللہ ابڑو کا ٹویٹ دیکھ کر حیرت ہوئی۔

PMLN

Nawaz Sharif

AAJ NEWS

Maryam Nawaz

اسلام آباد

PPP

rubaroo

Bilawal Bhutto Zardari

hina rabbani khar

Shaukat Paracha

Senator Afnan Ullah

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024