Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کا التوا چاہتے ہیں نہ بائیکاٹ، سپریم کورٹ فیصلے پر لازمی اپیل دائر کریں گے، بیرسٹر گوہر

آزاد الیکشن لڑنے سے ہارس ٹریڈنگ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، رہنما پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 15 جنوری 2024 07:28pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ’بلے‘ کا نشان نہ دینے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے جمہوریت تباہ ہو گی اور کرپشن کا دروازہ کھلے گا، فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل لازمی دائر کریں گے، بلے کا نشان لے کر عوام کے حقوق سلب کیے گئے، الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، آزاد الیکشن لڑنے سے ہارس ٹریڈنگ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے ہم سے بلے کا نشان چھین لیا، پی ٹی آئی متعلقہ انتخابی نشان کے ساتھ فہرست جاری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلے کا انتخابی نشان نہ ملنے پر بانی پی ٹی آئی کو بھی دکھ ہوا لیکن سپریم کور ٹ آف پاکستان کے فیصلے کے باوجود الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سمجھتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام کے حقوق متاثر ہوئے ہیں، کیا کسی جماعت سے انتخابی نشان واپس لیا جاسکتا ہے؟ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، بلے کا نشان نہ دینے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کارکنان سے کہا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے، ڈٹے رہنا ہے اور اپنے ووٹ کی حفاظت کرنی ہے، کارکنان پرامن رہیں، اس میں کوئی دو راے نہیں ہے کہ جب آپ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں جاتے ہیں تو ہارس ٹریڈنگ کے امکانات بہت بڑھ جاتے ہیں لیکن امید کرتے ہیں کہ جن لوگوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں خود کو تحریک انصاف کا امیدوار لکھا ہے وہ پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ امیدواروں کے نام اور نشانات کی فہرست 3 روز میں جاری کردیں گے، 8 فروری کو کارکنان اشتعال سے بچیں۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی سے متعلق کیس کی درخواست پر مقدمے کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی تاہم دعا ہے جلد اس کیس کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹرگوہر نے لیول پلیئنگ فیلڈ توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن کے خلاف نئی درخواست دائر کردی۔

بیرسٹر گوہرخان کی جانب سے درخواست چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کے خلاف دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں چیف الیکشن کمشنراورممبران کو فریق بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 13 جنوری کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی کو بلے کے نشان کی الاٹمنٹ کیخلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیدیا تھا، تحریک انصاف بلے کے نشان پر انتخاب نہیں لڑ سکے گی۔ چیف جسٹس نے کہا تھا کوئی شواہد نہیں ملے کہ پی ٹی آئی نے شفاف الیکشن کرائے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اپیل منظور کرتے ہیں۔

اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما بیرسٹر گوہرنے ’بلے ’ کے انتخابی نشان سے متعلق فیصلہ قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ہمارے سارے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرتے ہیں اور اب ہمارے سارے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔

Adiyala Jail

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Barrister Gohar

Adyala Jail

Barrister Gohar Khan

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024