Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کاغذات نامزدگی پر سماعتوں کا کل آخری روز، بھائیوں کیلئے آج بڑا دن

متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے کاغذات بھی آج منظور ہوگئے
شائع 09 جنوری 2024 03:35pm

الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد اور منظوری کے خلاف اپیلوں پر سماعتیں جاری ہیں، اپیلوں کی سماعت کا یہ مرحلہ (کل) بدھ کو مکمل ہو جائے گا۔

آج ہونے والی سماعتوں میں این اے 15 سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل مسترد کی گئی ہے، جبکہ ان کے بھائی شہباز شریف کو دو حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے، جن کے این اے 242 اور این اے 132 سے کاغذات منظوری کے خلاف اپیل مسترد کردی گئی ہے۔

جبکہ این اے 242 سے ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال شہباز شریف کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے این اے 122 سے کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی، شیر افضل مروت اور عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔

پشاور ایپلٹ کورٹ نے مراد سعید کی اپیل خارج کردی ہے جنہوں نے این اے 3 اور این اے 4 سے کاغذات جمع کرائے تھے۔

اسی طرح جی ڈی اے رہنما ذوالفقار مرزا کے بیٹوں حسنین اور حسام مرزا کے کاغذات نامزدگی منظور ہوچکے ہیں،جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کردی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے لئے ایپلٹ ٹربیونلز کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کا مرحلہ (کل) بدھ کو مکمل ہو جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست جمعرات کو شائع کی جائے گی۔

امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہو گی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

imran khan

Murad Saeed

mustafa kamal

Shandana Gulzar

Zulfiqar Mirza

Sheheryar Afridi

Usman Dar Mother

Election 2024

na 242

Election Jan 9 2024

Hasnain Mirza

Hassam Mirza