Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان

ملک کے کچھ حصے سردی کی لہر کی لپیٹ میں آنے کی توقع
شائع 03 جنوری 2024 09:51am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ملک کے بعض حصوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی علاقوں میں طویل خشک سردی کا راج رہے گا۔

پی ایم ڈی کے ڈائریکٹر فورکاسٹنگ عرفان ورک نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا، ’اس ہفتے کے دوران خشک اور سرد موسم برقرار رہے گا اور آنے والے دنوں میں بھاری بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے چند علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

تاہم، پی ایم ڈی کے مطابق، ملک کے کچھ حصوں میں سردی کی لہر کی لپیٹ میں آنے کی توقع ہے کیونکہ جنوبی علاقوں میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ اگلی بارش تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ اور اسلام آباد کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پی ایم ڈی کی روزانہ کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جب کہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد، پنجاب، بالائی سندھ اور کے پی کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور سموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

تاہم جنوب مغربی بلوچستان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقہ جات اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ اور اسلام آباد کے میدانی علاقوں میں شدید دھند/سموگ چھائی رہی جب کہ دالبندین میں 08 ملی میٹر بارش ہوئی۔

سب سے کم درجہ حرارت لیہ میں منفی 11، سکردو منفی نو، گلگت، گوپس منفی چھ، استور، کالام، قلات اور سری نگر میں منفی پانچ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان

بلوچستان

karachi

punjab

KPK

sindh

Rain prediction