Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کیلئے امریکا اور برطانیہ میں کیسز دائر کرنے کی بھرپور تیار کرلی

میں ابھی اس بارے میں نہیں بتاسکتی لیکن امریکا اور برطانیہ میں کیسز دائر ہوں گے، علیمہ خان
شائع 23 دسمبر 2023 06:43pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں عمران خان کو انصاف دلانے کے لیے امریکا اور برطانیہ میں کیسز دائر کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ میں باہر کے کیسز کی بات کرسکتی ہوں، برطانیہ اور امریکا میں بھرپور طریقے سے تیاری ہوچکی ہے اور وہاں پر کیسز دائر ہونے جارہے ہیں، میں ابھی اس بارے میں نہیں بتاسکتی لیکن امریکا اور برطانیہ میں کیسز دائر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک اور رکاوٹ نہیں ہے، امریکا میں کیس دائر ہوگا، عمران خان کی رہائی کے لیے نہیں بلکہ جو پاکستان کے ساتھ ہوا ہے جو عمران خان کے ساتھ ہوا ہے، یہاں پر جس طریقے سے ہمارے کیسز چل رہے ہیں، جن پر ہم بالکل نام بھی نہیں لے سکتے، پاکستانیوں کا نام نہیں لے سکتے لیکن ہم ڈونلڈ لو کا نام لے سکتے ہیں۔

علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈونالڈ لو نے جو بھی پیغام بھیجا تھا اس بارے میں بات نہیں کرسکتی، عدالت میں جو ہورہا ہے جس پر جج صاحب نے روکا ہوا ہے کہ ہم بات نہیں کرسکتے، لیکن جو کچھ باہر ہوا تھا جس کے نتایج آج ہم سب بھگت رہے ہیں، اس پر یقین رکھیں کہ ہم امریکا میں کیس دائر کریں گے۔

صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ امریکا میں جو وکلاء ہیں وہ اپنے طریقے سے کیسز کو چلائیں گے وہ امریکا کا کیس ہے، امریکا میں اس طرح مشکلات نہیں ہوتی، وہاں پر آپ کو ثابت کرنا پڑتا ہے اور کیس دائر کرنا پڑتا ہے، ابھی جو کچھ بھی ہورہا ہے میں ابھی تفصیلات نہیں بتاسکتی، لیکن ہمیں تسلی ہے کہ وہاں پر کیس دائر ہورہا ہے۔

pti

اسلام آباد

imran khan

United Kingdom

USA

Aleema Khan