Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور ہائیکورٹ کی حسان نیازی سے الیکشن کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے کی ہدایت

سرکاری وکیل نے اعتراف کیا کہ حسان نیازی سزا یافتہ نہیں،وہ الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں، تحریری فیصلہ
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2023 11:27pm

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سے الیکشن کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے حسان نیازی کی والدہ کی درخواست پر 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ حسان نیازی اس وقت جناح ہاؤس حملہ کیس میں کمانڈنگ آفیسر کی کسٹڈی میں ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق حسان نیازی الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں لیکن کاغذات نامزدگی پر دستخط کہ اجازت نہیں دی جارہی، درخواست گزارنے یہ نہیں بتایا کہ حسان خان نیازی کس حلقہ سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔

فیصلے کے مطابق سرکاری وکیل نے اعتراف کیا کہ حسان نیازی سزا یافتہ نہیں ہیں، وہ الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں، سرکاری وکیل کا کمانڈنگ آفیسر سے رابطہ نہیں ہو رہا، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے آرمی ایکٹ کی کوئی ایسی شق نہیں بتائی جس کے تحت زیر ٹرائل ملزم الیکشن میں حصہ نہ لے سکے، الیکشن کمیشن کے وکیل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالتی حکم سے متعلق کمانڈنگ آفیسر کو آگاہ کریں۔

عدالت نے حسان نیازی سے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے جیل حکام کو طیبہ راجہ کو دستخط کرنے کی اجازت دے دی

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے جیل حکام کو پاکستان تحریک انصاف کی رہنما طیبہ راجہ کو دستخط کرنے کی اجازت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی طیبہ راجہ کی کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے جیل حکام کو طیبہ راجہ کو دستخط کرنے کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ طیبہ راجہ کے والد نے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

pti

imran khan

Lahore High Court

Elections

Hassan Niazi

LAHORE HIGH COURT (LHC)

justice ali baqar najafi

Election 2024