Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ن لیگ اور جے یو آئی میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق

نواز شریف سے فضل الرحمان کی ملاقات، سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر سے ملکر انتخابی اتحاد بنانے پر اتفاق
شائع 04 دسمبر 2023 07:53pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، جس میں سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے مل کر انتخابی اتحاد بنانے پر اتفاق ہو گیاجبکہ ن لیگ اور جے یوآئی کے درمیان بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے لیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی اتفاق ہوا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے صدر جماعت شہباز شریف کے ہمراہ پارٹی سیکریٹریٹ آمد پر مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز، سینیٹر اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملکی کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، آئندہ عام انتخابات سمیت دونوں جماعتیں کی سیاسی حکمت عملی پر غوروخوض کیا گیا۔ ن لیگ اور جے یو آئی کے درمیان سیٹ ایڈجسمنٹ سے متعلق فارمولے پر بات ہوئی۔

ملاقات کی اندرونی کہانی

پاکستان مسلم لیگ ن اور جمعیت علما اسلام (ف) کے قائدین کے درمیان لاہور میں ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

دونوں جماعتوں کے مابین وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے، اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے سندھ میں ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والے سیاسی مذاکرات کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں نے ایم کیو ایم کے مجوزہ ملک گیر بلدیاتی نظام پر تفصیلی مشاورت کی اور ایم کیو ایم کے مجوزہ بلدیاتی نظام پر مکمل اتفاق رائے کیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ آئندہ پارلیمان میں اس بلدیاتی نظام بارے آئینی ترمیم لائی جائے گی۔

نواز شریف نے فضل الرحمان کو ایم کیو ایم کے ساتھ طے پا جانے والے انتخابی معاہدے پر اعتماد میں لیا، دونوں جماعتوں نے سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے مل کر انتخابی اتحاد بنانے پر بھی اتفاق رائے کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں تینوں جماعتیں دیگر اتحادیوں سے مل کر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر کے انتخابی میدان میں اتریں گی، سندھ میں امیدواروں کا فیصلہ لیگی صوبائی صدر بشیر میمن، جمعیت کے سیکرٹری راشد سومرو اور ایم کیو ایم کے نامزد رہنما کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علما اسلام (ف) میں مکمل سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں صوبوں میں ہر قومی و صوبائی نشست پر امیدوار باہمی اتفاق رائے سے اتارے جائیں گے اور یہ بھی طے پایا کہ جس نشست پر جس پارٹی کا امیدوار مضبوط ہوگا اسی کی نامزدگی اور حمایت کی جائے گی، کسی اتفاق رائے پر نہ پہنچا جا سکا تو ایک جماعت کا امیدوار قومی اور دوسری کا صوبائی نشست پر نامزد کیا جائے گا۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں نے آئندہ انتخابات کے بعد مل کر حکومت بنانے اور تمام امور پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا اور مشترکہ صدارتی امیدوار لائے جانے پر بھی مشاورت کی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے صدارتی امیدوار کے معاملے پر آئندہ پارلیمان کے وجود میں آنے کے بعد فیصلہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں جماعتوں کا ملکر آگے چلنے پر اتفاق کیا تھا۔

PMLN

PDM

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

lahore

shahbaz sharif

Model Town

Molana Fazal ur Rehman

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Election 2024