Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران کو کھانے سے پہلے وہ چیز دی جاتی ہے جو میں نے کہا تھا نہیں دینگے، رانا ثناء اللہ

سائفر کیس میں جنرل (ر) باجوہ کو بلانے یا نہ بلانے کا فیصلہ عدالت کرے گی، لیگی رہنما
اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2023 06:36pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی روزانہ جھوٹ بولتے ہیں، پہلے کہا امریکا نے سازش کرکے حکومت گرائی پھر کہتا جنرل باجوہ نے سازش کی اب کہہ رہا ہے میرے خلاف لندن پلان کے بعد 9 مئی ہوا تھا، اگر 9 مئی کی سازش ہے تو عمران خان نے ہی خود اس سازش کو تیار کیا تھا، عمران خان کو کھانے سے پہلے وہ چیز دی جاتی ہے جس کے بارے میں میں نے کہا تھا کہ نہیں دیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سب کی بات سنی گئی، ن لیگ کے ورکرز اور رہنماؤں کا شکر گزار ہوں، ایسے ایسے لوگ تھے جو 35 اور 40 سال سے ن لیگ سے وابستہ ہیں، 122 لوگوں کا انٹرویو کیا ہے، بورڈ نے ابتدائی ڈسکشن کرلی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا ڈویژن سے متعلق پارلیمانی بورڈ انٹرویو کرے گا، بدھ کو بلوچستان کے امیدواروں کا انٹرویو ہوگا، ن لیگ کے ورکرز اور سپورٹرز پوری طرح پر زور ہیں، جو وعدہ 21 اکتوبر کو نوازشریف نے قوم سے کیا وہ پورا ہوگا، ن لیگ پوری طرح الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ میثاق معیشت ضروری ہے، کوئی ایک جماعت ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتی لیکن میثاق پارلیمان میں منتخب جماعتوں سے ہوگا، جے یو آئی سے انتخابی اتحاد زیرغور نہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے تیار ہیں، فضل الرحمان کے ساتھ الیکشن اتحاد کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، نوازشریف چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے، پورے پاکستان جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہوسکتی ہے، نوجوان یا عمر درازی پر ٹکٹ کا فیصلہ نہیں ہوتا، ٹکٹ کا فیصلہ اس بات پر ہوتا ہے کہ پارٹی کو کون سیٹ نکال کردے گا، یہ فیصلےعمر کی بنیاد پر نہیں ہوتے، عمر کی حد کم از کم 25 سال ہونی چاہیئے، باقی جب تک ہاتھ پاؤں سلامت ہیں الیکشن لڑاجاسکتا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کسی گورنر، چیف کمشنر یا کسی اور نے نہیں دی، الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ آف پاکستان نے دی ہے، 8 فروری کو پاکستان میں عام انتخابات ہوں گے۔

سابق وزیرداخلہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ر دعمل دیتے ہوئے کہا کہ سائفر کیس میں جنرل ( ر ) باجوہ کو بلانے یا نہ بلانے کا فیصلہ عدالت کرے گی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی جھوٹا اور مکار آدمی ہے، انہوں نے کیا نہیں کہا امریکا نے سازش کرکے حکومت گرائی گئی، اس کے بعد کہا گیا امریکا نے نہیں گرائی باجوہ نے میرے خلاف سازش کی، اب کہہ رہا ہے میرے خلاف لندن پلان بنا اور 9مئی ہوا۔

ن لیگ پنجاب کے صدر نے عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 9 مئی سے پہلے جب لوگوں کو کہہ رہا تھا مجھے گرفتار کیا گیا تو فلاں فلاں جگہ پر احتجاج کیا جائے، یہ لندن میں بیٹھ کر تمہیں کوئی مجبور کر رہا تھا یہ تقریر کرو ، کس نے کہا تھا لوگوں کو نوجوانوں کو گمراہ کرو، کس نے کہا تھا نوجوانوں کے ذہن کو خراب کرو، گرفتاری نہ دینے کا فیصلہ امریکا یا نوازشریف کے کہنے پر کیا تھا؟۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جناح ہاؤس میں جنہوں نے آگ لگائی، تمہارا بھانجا جو چھڑی پر وردی گھما رہا تھا، کیا وہ ہمارا رشتہ دار ہے؟، اسے کس نے کہا تھا ، اس سے پوچھو پھر پتہ چلے تمہارے خلاف سازش ہوئی تھی، خود تم نے اپنی رعونیت ، تکبر اور غرورمیں یہ حرکت کی، اس کا خمیازہ تمہیں بھگتنا پڑے گا، اگر یہ سازش ہے تو تم نے ہی اپنے خلاف کی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی روزانہ جھوٹ بولتے ہیں، پہلے کہا امریکا نے سازش کی، پھر الزام واپس لے لیا، عمران خان نے خود اپنے خلاف سازش تیار کی، سابق وزیراعظم نے غرور و تکبر میں 9 مئی کی حرکت کی، عمران خان کو کھانے سے پہلے وہ چیز دی جاتی ہے جس کے بارے میں میں نے کہا تھا کہ نہیں دیں گے۔

PMLN

Nawaz Sharif

imran khan

Rana Sanaullah

lahore

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Election 2024