Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک ریاض کا انٹرویو ریکارڈ ہوچکا، جج، دھرنے اور رقوم پر انکشافات ہیں، جاوید چوہدری

ملک ریاض کا انٹرویو 3 باتوں کے گرد گھوم رہا ہے
شائع 22 نومبر 2023 12:37pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

صحافی اور ٹی وی میزبان جاوید چوہدری نے بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے دھماکہ خیزانٹرویو کے حوالے سے پھیلی قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے تصدیق کے ساتھ ساتھ اہم انکشافات بھی کیے ہیں کہ ملک ریاض اس انٹرویو میں کون کون سے رازوں سے پردہ اٹھانے والے ہیں۔

سوشل میڈیا پرجاوید چوہدری کی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ ملک ریاض سے بات کرنے کے بعد انٹرویو کے مندرجات بتا رہے ہیں۔

ویڈیو کے آغازمیں صحافی و ٹی وی میزبان جاوید چوہدری کو کہتے سُنا جاسکتا ہے کہ ، ’ملک ریاض نے پہلی مرتبہ زبان کھولنے کا فیصلہ کیا ہے یا انہوں نے زبان کھول لی ہے۔۔ یہ 2 چیزیں ہیں اور کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ انٹرویو ریکارڈ ہوچکا ہے تاہم ملک ریاض سے رابطہ کیا تو نہ انہوں نے ’ہاں‘ کی اور نہ ہی ’’ناں‘ کی‘ ۔

جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ملک ریاض نے انٹرویو کے مواد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ، ’ہاں، یہ بات درست ہے‘۔

ویڈیو میں ان کا کہناہے کہ ملک ریاض کا انٹرویو 3 چیزوں پر مبنی ہے، نمبر ایک یہ کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کی مد میں عائد کیے جانے 460 ارب روہے کے جرمانے میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکا کیا کردار تھا۔اور انہوں نے ملک ریاض سے کیا کیا مراعات حاصل کی تھیں۔

دوسرا، 2014 میں عمران خان کے دھرنے میں ملک ریاض کا کیا کردار تھا اور یہ دھرنا کس کی پلاننگ تھی ، خوراک، ادائیگیوں کے لیے رقوم اور پیغامات کہاں سے آتے تھے۔

جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا کہ اس دھرنے کے دوران ملک ریاض نے نواز شریف کو پیغام بھجوایا تھا کہ وہ استعفیٰ دے دیں یا چھٹی لے کر ملک سے باہر چلے جائیں، انٹرویو میں پہلی بار یہ تمام چیزیں بھی تفصیلات سے بتائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک ریاض نے انٹرویو میں یہ بھی کھل کر بتایا ہے کہ عمران خان کے دور میں کس کا کیا کردار تھا۔ کسی کے کہنے پر انہوں نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقاتیں بھی کروائی تھیں۔ اس دوران کچھ اداروں کو اندیشہ پیداہوگیا تھا کہ یہ دونوں اکٹھے ہوگئے تو عمران خان کی حکومت کو نقصان پہنچ سکتا تھا، ملک ریاض نے اس وقت دونوں کو اکٹھا نہیں ہونے دیا تھا۔ یہ سب بھی وہ پہلی بار بتا رہے ہیں۔

جاوید چوہدری نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ یہ دھماکہ خیز اںٹرویو پاکستان میں تہلکہ مچا دے گا۔ تاہم اس والے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ انٹرویو کس وقت نشر کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ، ’یہ اطلاع مکمل طور پر درست ہے کہ یا تو ملک ریاض نے یہ انٹرویو ریکارڈ کروادیا ہے، یا کروا ریے ہیں یا مواد تیار کرلیا گیا ہے بہرحال یہ اسی دائرے کے گرد گھومے گا‘۔

ویڈیو میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ انٹرویو کسے دیا گیا ہے ، جاوید چوہدری کے مطابق یہ تہلکہ خیز انٹرویو جلد ٹی وی اسکرین یا سوشل میڈیا پر دیکھا جاسکے گا۔

Supreme Court

Saqib Nisar

malik riaz

Bahria Town

faizabad dharna case