Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ن لیگ کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، شہباز شریف

شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں، 2 اہم سابق ایم این ایز کا (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان
شائع 18 نومبر 2023 10:43pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر

سابق وزیراعظم مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، ہمیں اپنی سزا کا نہیں، عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا دُکھ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سابق گورنر رفیق رجوانہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عبدالغفار ڈوگر، خواجہ عمران نزیر اور عطاء اللہ تارڑ نے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پارٹی رہنماؤں نے حلقوں میں جاری تیاریوں کے بارے میں شہباز شریف کو آگاہ کیا۔

پارٹی رہنماﺅں نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو مبارکباد دی اور خوشی کا اظہار کیا جبکہ خواجہ عمران نزیر اور عطاء اللہ تارڑ نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو پھول بھی پیش کیے۔

پارٹی رہنماﺅں نے سیاسی انتقام کے دور کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدر کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی رہنماﺅں کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے ایک بار پھر عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا، قیادت اور کارکنوں نے بڑی جرات و بہادری اور ثابت قدمی دکھائی، قیادت کی بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑا اثاثہ ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزاز سمجھتا ہوں، ایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کا انعام ہے۔

انہوں کا مزید کہا کہ افسوس ہے کہ 4 قیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دیے گئے، انتقامی سیاست سے قوم کے فائدے کے منصوبے، معیشت تباہ اور عوام مہنگائی کا شکار ہوگئے، ہمیں اپنی سزا کا نہیں، عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا دُکھ ہے۔

شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہوگی، مسلم لیگ (ن) کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہے، عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی۔

مزید پڑھیں

آشیانہ اقبال ریفرنس: عدالت نے سپریم کورٹ کی تشریح تک کیس کا فیصلہ روک دیا

وزیراعظم کے منصب سے بڑھتا فاصلہ بلاول بھٹو کی ناراضی کی واحد وجہ ہے، سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح دہشت گردی اور بدامنی ختم کی تھی، انشاء اللہ مہنگائی ختم کریں گے، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوگا، پارٹی کارکنان اور رہنما روایتی جذبے اور عزم کے ساتھ الیکشن کی تیاری کریں۔

2 اہم سابق اراکین قومی اسمبلی کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

دوسری جانب اہم سیاسی شخصیات اور سابق ارکان قومی اسمبلی کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سابق ارکان قومی اسمبلی سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

دونوں سیاسی رہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان سابق وزیراعظم اور پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔

شہباز شریف نے سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور مبارک دی۔

ان سے ملاقات میں شہبازشریف نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالیں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مضبوطی پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کی خوشحالی ہے، اللہ تعالی نے موقع دیا تو عوام کو معاشی تکلیفوں سے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور غریبوں کی ترقی کی ضمانت ہے، جنوبی پنجاب سمیت پورے پاکستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا اغاز کریں گے انشاءاللہ۔

دونوں سابق ارکان قومی اسمبلی نے 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

PMLN

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

lahore

shahbaz sharif

aashiyana iqbal reference case